وہ پاکستانی گاﺅں جس نے دہشت گردوں کے خلاف لڑائی کے لیے اپنی فورس بنانے کا اعلان کر دیا

Dec 12, 2022 | 05:11 PM

لکی مروت(مانیٹرنگ ڈیسک) لکی مروت کے ایک گاﺅں نے دہشت گردوں کے خلاف لڑائی کے لیے فورس بنانے کا اعلان کر دیا۔ ایکسپریس ٹربیون کے مطابق یہ گاﺅں کا نام لنڈیوا ہے جو ضلع لکی مروت کا سب سے بڑا گاﺅں ہے۔ جرگے نے گاﺅں کی ایک امن کمیٹی قائم کی ہے جو دہشت گروں کے خلاف لڑے گی اور علاقے میں امن و امان قائم رکھنے کے لیے جدوجہد کرے گی۔
رپورٹ کے مطابق گاﺅں کے گرینڈ جرگے کی طرف سے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کا اعلان کیا۔ اس جرگے میں مقامی عمائدین کے علاوہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے افسران نے بھی شرکت کی۔ حالہ دنوں دہشت گردوں کی طرف سے ایک پولیس وین پر حملہ کیا گیا تھا، جس میں 6لوگ شہید ہو گئے تھے۔ دہشت گردی کی اس واردات کے بعد مقامی لوگوں کی طرف سے جرگہ بلایا گیا تھا۔
جرگے میں مقامی لوگوں نے مطالبہ کیا کہ انہیں پرامن ماحول مہیا کیا جانا چاہیے۔ اس سلسلے میں حکومت اور سکیورٹی ادارے جو بھی اقدامات اٹھائیں گے، انہیں مقامی لوگوں کی مکمل حمایت اور تعاون حاصل ہو گا۔ عمائدین کا کہنا تھا کہ مذہب کے نام پر دہشت گردی مزید برداشت نہیں کی جا سکتی۔ ان شرپسندوں کے خاتمے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا۔

مزیدخبریں