مراکش اور فرانس کے فٹ بال فینز کی پولیس کے ساتھ جھڑپیں، درجنوں دکانیں بھی تباہ
پیرس(مانیٹرنگ ڈیسک) فرانس میں مراکش اور فرانس کے فٹ بال فینز کی پولیس کے ساتھ جھڑپیں، درجنوں دکانوں میں توڑ پھوڑ کر ڈالی۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق دارالحکومت پیرس میں مراکش کے فٹ بال فینز مراکشی ٹیم کی طرف سے پرتگال کو شکست سے دوچار کرنے کے بعد سڑکوں پر نکل آئے۔ انہوں نے ہاتھوں میں مراکش کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے۔ وہ نعرے بازی کر رہے تھے اور تیز ہارن بجا رہے تھے۔
اسی دوران فرانس کی ٹیم نے بھی انگلینڈ کو پچھاڑ دیا جس پر فرانسیسی ٹیم کے مداح بھی سڑکوں پر نکل آئے اور مل کر فتح کا جشن منانے لگے۔ مداحوں کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے ان پر آنسو گیس پھینکی جس پر لوگ بپھر گئے اور دکانوں اور دیگر املاک کو نقصان پہنچانا شروع کر دیا۔ منظرعام پر آنے والی ویڈیوز میں لوگوں کو پیرس میں توڑ پھوڑ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ 15دسمبر کو مراکش اور فرانس کی ٹیمیں سیمی فائنل میں مد مقابل ہوں گی۔