کھلاڑیوں کی کارکردگی سے خوش ہوں ، ٹیسٹ سیریز ہارنے کے بعد ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق کا بیان
ملتان (ڈیلی پاکستان آن لائن ) دورہ پاکستان پر موجود انگلینڈ کی ٹیم نے پاکستان کو ٹیسٹ سیریز میں 0-2 سے شکست دے دی مگر ہیڈ کوچ اپنے کھلاڑیوں کی کارکردگی سے خوش ہیں ۔
نجی ٹی وی " جیو نیوز" سے گفتگو کرتے ہوئے ثقلین مشتاق نے کہا کہ سیریز میں تو شکست ہو گئی مگر آخری میچ میں انگلینڈ کو بھرپور جواب دینا چاہتے ہیں۔ ملتان ٹیسٹ میں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کی کارکردگی سے خوش ہوں۔
نجی ٹی وی کے مطابق ثقلین مشتاق کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کی ٹیم تجربہ کار کھلاڑیوں پر مشتمل ہے ، پاکستانی کھلاڑیوں کے پاس ریڈ بال کا زیادہ تجربہ نہیں ہے ، سعود اور نواز کی جتنی تعریف کی جائے وہ کم ہے ۔ امام الحق نے ہسپتال سے واپس آکر بلے بازی کی جس پر خوش ہوں مگر بد قسمتی سے فتح ہمارا مقدر نہ بن سکی ۔
انٹریو میں ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ آپ یا تو جیتتے ہیں یا پھر سیکھتے ہیں ، امید ہے کھلاڑیوں نے سیکھا ہوگا ، غلطیوں کا جائزہ لیں گے ، سعود شکیل کے آؤٹ دینے پر ٹی وی امپائر جول ولسن کے فیصلے پر ثقلین مشاق نے کہا کہ کیچ پر دنیا تبصرہ کر رہی ہے ، ہم امپائر کا فیصلہ تسلیم کرتے ہیں ، ایک کیچ کولے کر ہی نہیں بیٹھ جانا چاہئے ، آگے بڑھنا ہوگا۔