افغان حکام نے چمن بارڈر واقعے پر غلطی تسلیم کرتے ہوئے معذرت کی ، وزیر دفاع خواجہ آصف
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ چمن واقعے میں غلطی افغانستان کی فوج کی تھی ، افغانستان کے حکام نے غلطی تسلیم کرتے ہوئے معذرت کی ہے ۔
قومی اسمبلی میں خطاب کرتےہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ بارڈر پر لگی باڑ کی مرمت کے دوران سرحد پار سے پہلے فائرنگ کی گئی بعد ازاں بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا گیا، حملےمیں 5 سویلین شہید ہوئے جبکہ دو زخمی ہسپتال جاتے ہوئے شہید ہوئے ۔ پاکستان کی فوج نے افغانستان کی فوجی پوسٹ پر حملہ کیا اور ان کے فوجی مارے ۔
وزیر دفاع نے کہا کہ افغان حکام کے غلطی تسلیم کرنے اور معذرت کرنے پر معاملہ طے پاگیا ، افغانستان میں عدم استحکام کا پاکستان میں بھی اثر آرہا ہے ، ہم کابل حکومت کے خیرخواہ ہیں کہ وہ حکومت کریں۔