اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی اور صوبائی قانون ساز اداروں پر مشتمل تنظیم بنانے کی تجویز آ گئی۔
تفصیلات کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صاد ق نے کہا ہے کہ سینٹ، قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں پر مشتمل تنظیم سے پارلیمانی ادارے زیادہ متحرک ہوں گے، 10 سال بعد سپیکرز کانفرنس کا انعقاد قانون ساز اداروں میں قریبی رابطوں کو فروغ دے گا۔ سپیکر کانفرنس 18 سے 20 دسمبر کو اسلام آباد میں ہو گی۔
"جنگ " کے مطابق سپیکرز کانفرنس کے ایجنڈا تیار ی کیلئے اسلام آباد میں وفاقی اور صوبائی قانون ساز اداروں کی سیکرٹریز کانفرنس ہوئی، سیکرٹری جنرل قومی اسمبلی سید طاہر حسین کی صدارت میں سیکرٹریز کانفرنس میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے خصوصی شرکت کی۔ صوبائی اسمبلیوں، آزاد کشمیر اور جی بی اسمبلی کے سیکرٹریز کانفرنس میں موجود تھے۔ سپیکر نے 18 ویں سپیکر کانفرنس کے سلسلے میں منعقدہ سیکرٹریز کانفرنس کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ ہمیں ایک دوسرے سے قریبی رابطوں کو فروغ دے کر ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کا موقع ملے گا۔