پاناما کیس نے حکمران خاندان کی جعلی شرافت کا پردہ چاک کردیا ،حامد رضا

پاناما کیس نے حکمران خاندان کی جعلی شرافت کا پردہ چاک کردیا ،حامد رضا

  

لاہور (وقائع نگار) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ پاناما کیس نے حکمران خاندان کی جعلی شرافت کا پردہ چاک کردیا ہے۔ حکمران الطاف حسین کے معاملہ میں صرف زبانی جمع خرچ میں مصروف ہیں۔ عالمی برادری بھارت کے نیوکلیئر سٹی کے قیام کا نوٹس لے۔ بھارتی خفیہ ایٹمی شہر خطے کے امن کیلئے سنگین خطرہ ہے۔ سنی اتحاد کونسل 14 فروری کو داتا دربار تا اسمبلی ہال ہو نے والے محبت رسول مارچ میں بھر پور شرکت کرے گی۔ طلبہ یونین کابحال نہ ہونا افسوسناک ہے۔ حکومت طلبہ یونین بحال کرکے تعلیمی اداروں میں الیکشن شیڈول کا اعلان کرے تاکہ طلباء برادری اپنا جمہوری حق استعمال کرکے اپنی قیادت کا انتخاب کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحفظ ناموس رسالت محاذ کے جنرل سیکرٹری مولانا محمد علی نقشبندی اور انجمن طلباء اسلام لاہور ڈویثرن کے ناظم محمد اکرم رضوی کی قیادت میں الگ الگ ملاقا ت کرنے والے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ ویلنٹائن ڈے جیسے اخلاق سوز واقعات ناقابل قبول ہیں۔ قوم ویلنٹائن ڈے کا بائیکاٹ کرے۔کمر توڑ مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔جنکی جائیدادیں اور اولادیں ملک سے باہر ہیں وہ پاکستان سے مخلص نہیں ہوسکتے۔ بیرون ملک اثاثے رکھنے والوں پر سیاست میں حصہ نہ لینے پر پابندی ہو نی چاہیئے۔ مڈل کلاس کے با صلاحیت اور پڑھے لکھے نوجوان سیاست میں آئیں اور سیاسی قبضہ گروپوں سے سیاست کو نجات دلائیں۔ پنجاب میں کالعدم تنظیموں کا خاتمہ نہیں کیا جاسکا۔ قاتل حکمرانوں کو سانحہ ماڈل ٹاؤن کا قصاص دینا پڑے گا۔ حکمران پاناما کیس سے بچ بھی گئے تو سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس سے نہیں بچ سکیں گے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تلوار حکمرانوں کے سروں پر لٹک رہی ہے۔ نیشنل ایکشن پلان پر عمل نہ ہوا تو آپریشن ضرب عضب کے اثرات ضائع ہو جائینگے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -