اقتصادی راہداری منصوبے سے پاکستان کی بحری اہمیت بڑھ گئی :رانا مشہود

اقتصادی راہداری منصوبے سے پاکستان کی بحری اہمیت بڑھ گئی :رانا مشہود

  

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ پاکستان جنو بی ایشیاء میں انتہائی اہم سٹریٹجک لوکیشن پر واقع ہے۔ ہماری بندر گاہیں، سمندر اور پہاڑ پاکستان کی معاشی اور فوجی قوت کی علامت ہیں۔ پاک چائنا اقتصادی راہداری منصوبے کی بدولت پاکستان کی بحری اہمیت میں مزید اضافہ ہو چکا ہے اور وہ وقت دور نہیں جب پاکستان اپنی جغرافیائی لوکیشن کی وجہ سے براعظم ایشیاء کا اہم ترین ملک ہو گا۔ اس حوالے سے ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان میرین اکیڈمی سمیت دیگر ادارے مستقبل کے امکانات سے فائدہ اٹھانے کیلئے ہومن ریسورس تیار کریں تا کہ پاکستان اقتصادی اور فوجی فوائد سمیٹ کر عالم اسلام کے قائد کا کردار ادا کرئے۔انہوں نے یہ بات ایوانِ اقبال میں پنجاب حکومت اور پاکستان مرین اکیڈمی کے اشتراک سے منعقدہ ’’ میری ٹائم آگاہی سیمینار‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ گوادر کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے۔ پاک چین راہداری منصوبے سے نہ صرف پاکستان بلکہ وسطی ایشیاء اور دیگر خطوں کو بھی فائدہ ہوگا۔مستقبل میں عالمی سطح پر پاکستان کا کردار بڑھے گا اورخصوصاََ عالم اسلام میں پاکستان کو ایک نمایاں مقام حاصل ہو گا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ سی پیک منصوبے سے پاکستان کی سمندری اہمیت بڑھی ہے اور ہمارے ساحل بے پناہ اقتصادی فوائد کے حامل ہیں جن کو ڈویلپ کر کے پاکستان اپنی عالمی اہمیت مزید بڑھا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ مرچنٹ نیوی کے شعبے میں روزگار کے مزید مواقع پیدا کیے جائیں تا کہ نوجوانوں کی جدید خطوط پر تربیت کے بعد انہیں روزگار کے حصول میں مشکل پیش نہ آئے۔صوبائی وزیر نے پاکستان میرین اکیڈمی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ واحد ادارہ ہے جو سی فادر کی تربیت فراہم کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے سے وابسطہ معاشی امکانات کے پیش نظر پنجاب سمیت دیگر صوبوں میں بھی سمندروں کی سٹڈی کو بطور سبجیکٹ متعارف کروانا چاہئے جس کے دور رس نتائج سامنے آئیں گے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کموڈور اکبر نقی نے کہا کہ مرچنٹ نیوی پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ پاکستان کی نوے فیصد تجارت اورایندھن سمندی راستے سے منسلک ہے جبکہ پاکستان مرین اکیڈمی سے تربیت حاصل کرنے والے کیڈٹس پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن اور دیگر جہاز رانی کی کمپنیوں میں باآسانی ملازمت حاصل کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ پاک چین اقتصادی راہداری کے حوالے سے انتہائی اہمیت کی حامل ہے اور اس منصوبے کی تکمیل سے مقامی لوگوں کیلئے روزگار کے وسیع مواقع میسر آئیں گے۔لارڈ میئر لاہور کرنل(ر)مبشر جاوید نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج جنگیں اکانومی پر لڑی جاتی ہیں اور پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی تکمیل سے نئے معاشی امکانات سامنے آئیں گے۔تقریب سے ایم این اے رانا محمد حیات اور چیئرمین پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن عارف الہٰی نے بھی خطاب کیا۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -