انڈونیشیا، ’’زمیں کھسکنے‘‘ سے 12جاں بحق، کئی زخمی، درجنوں مکانات تباہ

انڈونیشیا، ’’زمیں کھسکنے‘‘ سے 12جاں بحق، کئی زخمی، درجنوں مکانات تباہ

  

جکارتہ( آن لائن)انڈونیشیا کے معروف سیاحتی جزیرے بالی میں بارش کی وجہ سے چٹانیں کھسکنے اور لینڈ سلائڈنگ سے 12 افراد ہلاک جبکہ کئی شہری زخمی و لاپتہ ہوگئے ،اس دوران درجنوں گھر بھی تباہ ہو گئے ، ہلاک ہونے والوں میں 3 بچے بھی شامل ہیں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق بالی کے کنٹامانی ضلع کے تین گاؤں میں زمین دھسنے سے آتش فشاں کی ڈھلان پر واقع مکانات گرگئے جس سے 12 باشندے ہلاک ہوگئے، ہلاک ہونے والوں میں ایک 7 اور10سال کے 3بچے بھی شامل ہیں۔ زمین کھسکنے سے ہونے والی ہلاکتوں کے بعد امدادای اداروں نے لاشوں کو ملبے تلے سے نکالتے ہوئے زخمیوں کو ہسپتال پہنچادیا ہے ، متاثرہ تینوں دیہاتوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث درجنوں مکانات تباہ ہو گئے ہیں ، جبکہ کئی افراد کے اب بھی ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، محکمہ موسمیات نے بالی میں اگلے دو روز مزید بارش جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔دوسری طرف قدرتی آفات سے بچاؤ کے لئے کام کرنے والے ادارے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی ترجمان اندرا کلک نے کہا کہ مسلسل تیزبارش ہورہی ہے ،یہاں رہنے والے لوگوں کو جاننا چاہئے کہ کھڑی ڈھلانوں پر چٹانیں کھسکنے کا خطرہ رہتا ہے ،لہذا اس جگہ پر رہنے والے افراد کے لئے ضروری ہے کہ وہ ادارے کی جانب سے بتائی گئی حفاظتی اور احتیاطی تدابیر کو ہر صورت اپنائیں۔

مزید :

عالمی منظر -