توقع ہے پانامہ کیس میں ایسا انصاف ہو گا جو نظر بھی آئیگا، احسن بھون

توقع ہے پانامہ کیس میں ایسا انصاف ہو گا جو نظر بھی آئیگا، احسن بھون

  

حافظ آباد(اے این این )پاکستان بار کونسل کے وائس چےئر مین محمد احسن بھون نے کہا ہے کہ پانامہ کیس جلد ختم ہو جائیگا اس کیس میں میڈیا ٹرائل اور تاخیر ہونے سے اعلیٰ عدلیہ اور دیگر اداروں کا تقدس مجروح ہو رہا ہے پاکستانی عدالتیں آزاد اور بغیر کسی دباؤ کے اپنا کام کر رہی ہیں ،وزیر اعظم ہو یا کوئی اور سیاستدان سب کو قانون کی ایک نظر سے دیکھنا چاہیے،نہ کہ برسر اقتدار لوگوں کے لئے قانون الگ اور عام لوگوں کے لئے الگ قانون ہو۔ہمیں اعلی عدلیہ پر اطمینان اور توقع ہے کہ پانامہ کیس میں ایسا انصاف ہو گا جو نظر بھی آئیگا۔ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن حافظ آباد کے نومنتخب عہدیداروں کی تقریب حلف بردادری سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے احسن بھون کا کہنا تھا کہ بار اور بینچ میں مثالی روابط ہونے چا ہئیں۔بار،بنچ کے تعلقات کی بہتری ، وکلاء کا تقدس اور ہڑتالی کلچر کا خاتمہ انکی اولین ترجیح ہے ہڑتال کے باعث جہاں عدالتوں کا قیمتی وقت ضائع ہوتا ہے تو وہیں سائلوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ پاکستان بار کونسل ڈسٹرکٹ بار کے فروغ اور بہتری کے لئے فنڈز بھی فراہم کریگی ۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پاکستان بار کونسل ایگزیکٹوکمیٹی کے چےئر مین اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ عدالتیں پوری طرح آزاد اور کسی دباؤ کے بغیر کام کر رہی ہیں۔اعلیٰ عدلیہ نے منتخب وزیر اعظم کو گھر بھجوایا،موجودہ وزیر اعظم کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا ، اُمید ہے کہ پانامہ کیس بھی جلد حل ہو جائیگا ۔ نومنتخب صدر محمد شعیب بھٹی اور دیگر وکلاء کا کہنا تھا کہ وکلاء برادری نے جس طرح انہیں اپنے پیار اور محبت سے نوازا انشاء اللہ وہ ان کے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے بار اور وکلاء کی فلاح و بہبود کے لئے اپنی ہر ممکن کوشش کرینگے۔تقریب سے پنجاب بار کونسل کے ممبر حافظ نثار احمد،ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد ارشد بھٹہ ودیگر نے بھی خطاب کیا ۔ احسن بھون نے نومنتخب چےئر مین محمد شعیب بھٹی،سیکرٹری رانا محمد مدثر،نائب صدر شاہد لطیف گل،فنانس سیکرٹری حافظ محمد بلال شیخ،جائنٹ سیکرٹری اعجاز احمد چدھڑ اور لائبریری سیکرٹری عتیق الر حمان ملک سے انکے عہدوں کا حلف بھی لیا۔

مزید :

صفحہ آخر -