ایف بی آر کی نااہلی، ریونیو میں اضافے کیلئے حکومتی ٹیکس ایمنسٹی سکیم ناکام

ایف بی آر کی نااہلی، ریونیو میں اضافے کیلئے حکومتی ٹیکس ایمنسٹی سکیم ناکام

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور( اسد اقبال) ریو نیو میں اضافے کے لیے وفاقی حکومت کی ٹیکس ایمنسٹی سکیم ایف بی آر کی نااہلی کی وجہ سے ناکام ہو چکی ہے۔ ذرائع کے مطابق ٹیکس ایمنسٹی سکیم کو ایک سال ہو نے کے باوجو د ملک بھر سے تین ہزار کے قر یب افراد نے ٹیکس ریٹرن جمع کر ائی ہیں جبکہ اس سکیم کا بھر پور فائدہ حکومتی اشیر باد رکھنے والے بڑے سر مایہ کاروں نے اٹھایا جنھوں نے پانامہ سکینڈل کی طرح اربوں روپے ملک سے باہر بھجوا کر جائیدادیں بنائیں اور کاروبار شروع کیے اور صرف ایک فیصد ادا کر کے کالے دھن کو سفید کیا۔ ماہرین معیشت اور صنعتکار رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ٹیکس ایمنسٹی ا سکیم کی ناکامی سے سبق سیکھا جائے، چھوٹے تاجروں کی ترقی اور انھیں قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے نئی ریوینو اتھارٹی بنائی جائے ۔ وفاقی حکومت نے نان فائیلرز کو ٹیکس نیٹ میں لانے کیلئے جنوری 2016میں ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کا اعلان کیا تھااور اسکی ڈیڈلائن میں چھ بار توسیع کے باوجود مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کیئے جا سکے کیونکہ تاجروں کی بڑی تعداد اس سکیم کی اب بھی اسکی مخالف میں ہے۔واضح رہے جنوری میں ملک بھرسے تین ہزار سے کم افراد نے ٹیکس ریٹرن جمع کرا ئیں جن میں چھوٹے تاجروں کی تعداد چند سو سے زیادہ نہیں۔ماہر معیشت ڈاکٹر قیس اسلم کا کہنا ہے کہ ٹیکس ایمنسٹی سکیم چوروں کے لیے ہے جنھوں نے اپنے کالے دھن کو سفید کر نے کے لیے اسکیم سے بھر پور فائدہ اٹھایا ۔ یہ بڑے سر مایہ کار وہ لو گ ہیں جنھوں نے تین سال میں یو رپ میں اربوں روپے بھجوائے دبئی میں دو بلین ڈالر کی جائیدادیں خریدیں اور اب یہ افراد حکو مت کی جانب سے قومی اثاثوں کی فروخت میں خریدار ہو نگے ۔ ایمنسٹی اسکیم کے لیے تاجروں کی ماسوائے ایک تنظیم کے سب نے مخالفت کی ہے ۔ پیاف کے چیئرمین اور لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق سینئر نائب صدر عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ چھوٹے تاجروں میں ٹیکس ایمنسٹی ا سکیم کے مقبول نہ ہونے کی وجہ اسکازمینی حقائق سے دور ہونا ہے لاکھوں چھوٹے تاجروں سے ٹیکس لینے کی لیئے نئی اتھارٹی قائم کی جائے۔فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس پنجاب کے ریجنل چیئر مین منظور الحق ملک کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کی نااہلی کی وجہ سے بیشتر کاروباری افراد ٹیکس نیٹ کا حصہ نہیں بنتے کیو نکہ ایف بی آر کی جانب سے ٹیکس فارم اتنے مشکل ہو تے ہیں کہ کم پڑھا لکھا تاجر خوف کا شکار ہو جاتا ہے ۔ ریونیو میں اضافے کے لیے ایف بی آر کی کپیسٹی بلڈنگ کی جائے ۔ ان کے اختیار ات میں کمی کرتے ہوئے ٹیکس نظام کو آسان بنایا جائے ۔

مزید :

صفحہ آخر -