پاک ایران تعلقات کو مزید فروغ دینے کا عزم رکھتے ہیں ،نواز شریف
اسلا م آباد/تہران(اے این این )وزیراعظم نوازشریف کا ایران کے صدر حسن روحانی کوٹیلی فون ،اسلامی انقلاب کی سالگرہ کی مبارکباد ، یکم مارچ کواسلا م آباد میں ہونیوالے اقتصادی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کی دعوت بھی دی ۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف نے گزشتہ رات ایران کے صدرحسن روحانی کوٹیلی فون کیا اورانہیں انقلاب ایران کی سالگرہ کی مبارکباد دی ۔انہوں نے حسن روحانی کو ای سی او کانفرنس میں شرکت کی دعوت بھی دی اورکہاکہ ہم اسلام آباد میں ای سی او سربراہی کانفرنس میں آپ کی شرکت کے منتظر ہیں ۔وزیر اعظم نے کہا کہ پاک ایران تعلقات مضبوط بنیادوں پرقائم ہیں ہم انھیں مزید فروغ دینے کا عزم رکھتے ہیں۔ایران کے صدرنے یقین دلایاکہ ان کاملک کانفرنس میں بھر پور طریقے اور مثبت انداز میں شرکت کرے گا۔انہوں نے امیدظاہرکی کہ ای سی او کا اسلام آباد میں سربراہی اجلاس خطے کے رکن ممالک کے درمیان معاشی تعاون کے فروغ اور دو طرفہ تعلقات کے استحکام میں بہت مدد گار ثابت ہو گا ۔انھوں نے کہا کہ مجھے اس کانفرنس سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں ۔کانفرنس میں بھرپورشرکت کی یقین دہانی پر نواز شریف نے حسن روحانی کا شکریہ ادا کیا۔