ترکی، صدارتی اختیارات میں اضافے کی تجاویز پر ریفرنڈم کا اعلان

ترکی، صدارتی اختیارات میں اضافے کی تجاویز پر ریفرنڈم کا اعلان

  

انقرہ ( صباح نیوز)ترکی میں حکام نے تصدیق کی ہے کہ صدر کے اختیارات میں اضافے کے حوالے سے تجاویز پر16اپریل کو ریفرنڈم کرایا جائے گا۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر رجب طیب اردوان نے اصلاحات کے بل پر دستخط کیے ہیں جس سے رائے شماری کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ان تجاویز کے تحت جدید ترکی میں پہلی بار ایگزیکٹیو پریزیڈنسی کا قیام عمل میں لانے کیلئے کہا گیا ہے۔صدر کے پاس نئی اصلاحات کی منظوری کے بعد نئے اختیارات ہوں گے جن کے تحت وہ وزراء کا تقرر اور بہت سے قوانین کا حکم جاری کر سکیں گے۔صدر اردوان نے کہا ہے کہ یہ تجویز کردہ اصلاحات ترکی کو مزید مستحکم کرنے میں مدد دیں گے تاہم ناقدین صدر پر آمرانہ رویے کا الزام لگا رہے ہیں۔اس بل میں یہ بھی تجویز دی گئی ہے کہ ملک میں پارلیمانی اور صدارتی انتخابات ایک ہی وقت میں منعقد ہوں گے جس کیلئے ممکنہ تاریخ 3 نومبر 2019ہے۔جنوری 2017میں ترک پارلیمان نے آئین کے آرٹیکل 18کی منظوری دی تھی تاہم اس موقع پر پارلیمان میں ہاتھا پائی بھی دیکھنے کو ملی۔گذشتہ برس ملک میں ناکام فوجی بغاوت کے بعد میڈیا اور دیگر اداروں کیخلاف ہونیوالے کریک ڈاؤن پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ تاہم صدر کے حامیوں نے کہاہے کہ ملک کے استحکام کیلئے تبدیلیاں ضروری ہیں۔نئی اصلاحات کے تحت ملک کے وزیراعظم کا عہدہ موجودہ وزیراعظم بن علی یلدرم کے بجائے کسی اور شخصیت کے پاس جائے گا یا پھر اس عہدے کے جگہ نائب صدر لیں گے۔

ترکی/ریفرنڈم

مزید :

صفحہ اول -