کوئی بھی ہمیں اختیارات دینے کا درس نہ دے ،وزیراعلیٰ سندھ

کوئی بھی ہمیں اختیارات دینے کا درس نہ دے ،وزیراعلیٰ سندھ

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ہم بحیثیت قوم بہت سے مسائل کا شکار ہیں۔ملک کا آئین صوبائی خود مختاری کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے ۔کوئی بھی ہمیں اختیارات دینے کا درس نہ دے ،ہم اختیارات دینے کے چمپیئن ہیں ۔کراچی کا امن بڑی قربانیوں کے بعد بحال ہوا ہے ۔اب میں بھی اس شہر میں بغیر پروٹوکول کے گھومتا ہوں ۔کراچی کی ترقی کے لیے 10ارب روپے مختص کیے ہیں ۔اگر ضرورت ہوئی مزید 10ارب روپے دیں گے ۔نوجوان ملک کا سرمایہ ہیں ۔ پیپلزپارٹی کی نوجوان قیادت ملکی ترقی میں نوجوانوں کو مواقع فراہم کررہی ہے ۔تعلیم کی بہتری حکومت سندھ کہ پہلی ترجیح ہے ۔تعلیم کے فروغ اور بہتری کے لیے جو بھی کرنا پڑا دریغ نہیں کریں گے ۔ فاروق ستار کہتے ہیں کہ کراچی کو بجٹ نہیں ملتا ۔وہ بتائیں کراچی کے اداروں میں حد سے زیادہ بھرتیاں کس نے کی ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو جامعہ کراچی میں ’’ قومی یکجہتی اور علاقائی روابط میں نوجوانوں کے کردار ‘‘ کے موضوع پر منعقدہ ایک روزہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔سیمینار سے وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی ،اسپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ درانی ،ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار ،پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال ،پاکستان پیپلزپارٹی کی رکن قومی اسمبلی شازیہ مری اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -