جوہر ٹاؤن کے بلاک ، ایل ڈی اے کے 48پلاٹوں پر پختہ تعمیرات کرلی گئیں

جوہر ٹاؤن کے بلاک ، ایل ڈی اے کے 48پلاٹوں پر پختہ تعمیرات کرلی گئیں

لاہور (اپنے نمائندے سے) ایل ڈی اے کے شعبہ اسٹیٹ برانچ ، ٹاؤن پلاننگ برانچ کی مبینہ ملی بھگت کے باعث جوہر ٹاؤن کے بلاک Kمیں واقع ایل ڈی اے کے 48 پلاٹوں پر پختہ تعمیرات کرتے ہوئے چار دیواری کر لی گئی۔ ڈی جی ایل ڈی اے سمیت تمام ڈائریکٹرز کی خاموشی اور بے بسی نے قبضہ گروپ کیلئے بھرپور راہ ہموار کر دی۔ روزنامہ پاکستان کو ملنے والی مبینہ معلومات کے مطابق جوہر ٹاؤن میں واقع بلاک Kمیں ایل ڈی اے کے ریکورشدہ ملکیتی بیش قیمتی پلاٹوں پر مقامی قبضہ گروپ کی جانب سے وقفے وقفے سے قبضے کئے جانے اور چار دیواری کے ساتھ ساتھ پختہ تعمیرات کئے جانے کا سلسلہ ا?سانی سے جاری ہے، ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ K بلاک کے پلاٹ نمبر 462 سے لے کر 510 نمبر والے پلاٹ ایل ڈی اے کی ملکیت ہیں اور ریکور شدہ ہیں۔جس پر مقامی گروپ ایل ڈی اے کے شعبہ اسٹیٹ برانچ اور ٹاؤن پلاننگ برانچ کے سٹاف کے ساتھ مل کر تعمیرا ت کرنے میں مصروف ہے۔ ذرائع نے مزید انکشاف کیا ہے کہ ایل ڈی اے کا سٹاف یہ تعمیرات اپنی نگرانی میں کر ارہا ہے۔ اس حوالے سے ایل ڈی اے کے تمام انتظامی افسران بھی بے خبر ہیں۔ مقامی شہریوں نے ڈی جی ایل ڈی اے سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ترجمان ایل ڈی اے سہیل جنجوعہ کا کہنا ہے کہ روزنامہ پاکستان کی نشاندہی پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ، ملوث اہلکار محکمہ کا حصہ نہیں رہیں گے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1