عوام 10سال سے نواز لیگ کو بھگت رہے ہیں، عبدالعلیم

عوام 10سال سے نواز لیگ کو بھگت رہے ہیں، عبدالعلیم

  



لاہور(نمائندہ پاکستان)پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ شو بازیاں کرنے والے دوبارہ اقتدار میں نہیں آ سکتے 25برسوں تک وفاق اورپنجاب میں رہنے والوں کو لوگوں کے بنیادی مسائل حل کرنے کی توفیق نہیں ہوئی ،عوام اب ان کے جھانسے میں نہیں آئیں گے اور2018میں عمران خان کو مینڈیٹ دیں گے ،عبدالعلیم خان نے این اے122کے مختلف علاقوں کے دورے کے موقع پر گزشتہ روز خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور شہر میں نوٹنکی لگانے والے دوبارہ اقتدار میں نہیں آ سکتے عوام گزشتہ مسلسل10سال سے نواز لیگ کو بھگت رہے ہیں جس نے کمیشن مافیا کو نوازنے کیلئے کچھ نہیں کیا ، انہوں نے کہا کہ پینے کا صاف پانی شہریوں کا بنیادی حق ہے عدالتوں میں آئیں ،بائیں ، شائیں کرنے والے عوام کو جواب دیں کہ کیوں اربوں روپے خرچ کرنے کے باوجود عام آدمی روزمرہ کی ضرورتوں سے محرو م ہے عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان کو باپ کی جاگیر اور ملکی دولت کو خاندانی وراثت سمجھنے والے نواز شریف نے لوٹ مار کی انتہاکرتے ہوئے ملک کی بنیادیں کھوکھلی کردیں،چوری پکڑی جانے پر شور مچانے کا مقصد اداروں کو دباؤ میں لانے کے سوا کچھ نہیں اب پرانے جال کے ساتھ نیا شکار نہیں ہو سکے گا، عبدالعلیم خان نے کہا کہ سابق نا اہل کرپٹ وزیر اعظم نے آزاد کشمیر میں کسی کرسی کی خواہش ظاہر کرکے ثابت کردیا کہ اقتدار سے جدائی کے صدمہ نے ان کے ذہن پر بہت برا اثر ڈالا ہے،ایسا نہ ہوکہ کل بھارتی دوستوں کے ہمراہ دہلی میں بیٹھ کر وہاں کسی وزرات کی درخواست کردیں، نااہل نواز شریف کے خطرناک ارادوں پر عوام تشویش میں مبتلا اور اداروں کیخلاف زہر اگلنے والی پیشہ ور زبانوں کی تالہ بندی چاہتے ہیں۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ نہال کے بعد لیگی جھوٹ کے دوسرے بڑے ملزم کی نااہلی نوشتہ دیوار ہے، انصاف کے کٹہرے میں کھڑے ہونے پر تحریک انصاف کیخلاف منفی پراپیگنڈا کرنے والے آج عدالتوں میں تو کل انتخابات میں بھی رسوا ہونگے، انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی پاکستان کو کرپشن فری ملک بنانے کا مشن مکمل کرکے رہے گی۔عبدالعلیم خان نے این اے122کی یوسی188کے کونسلر سید تقی شاہ کے ہمراہ یوسی118گجاپیرکے دربار کے گدی نشین حاجی جاوید فیروز کی وفات پر فاتحہ خوانی کی ،وہ یوسی172میں پی ٹی آئی کے رہنما فرخ مجید بھٹی کے کزن کی وفات پر اظہار تعزیت کرنے گئے جبکہ عبدالعلیم خان نے بی بی پاکدامن کے مزار پر حاضری دی اور یوسی188میں پی ٹی آئی کے رہنما حافظ سہیل کی عیادت کیلئے گئے ،عبدالعلیم خان نے منیر آفتاب کے ہمراہ یوسی186میں لوگوں سے ملے اور ان کی خیریت دریافت کی ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1