ملکی حالات دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے، پرویزمشرف

ملکی حالات دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے، پرویزمشرف

  



اسلام آباد (این این آئی)آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین سید پرویز مشرف نے کہا ہے کہ ملکی حالات دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے۔ تیسری سیاسی قوت نیا پاکستان بنائے گی۔ وطن واپس آ کر لیگی دھڑوں کی طاقت سے بننے والی تیسری سیاسی قوت کی قیادت کروں گا۔ 2018ء کے انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے۔ اے پی ایم ایل میں کوئی بدنام ، چور ، ڈاکو اور لٹیرا نہیں ہے۔ حلال کھائیں گے اور پاکستان کو مضبوط بنائیں گے۔ پچھلے دس سالوں میں ملک میں کوئی ترقی نہیں ہوئی۔ عوام کی طاقت سے چوروں اور لٹیروں کو اقتدار میں آنے سے روکیں گے۔ پیسے کی سیاست کا خاتمہ کر کے ملک کو لوٹ کھسوٹ سے بچائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اسلام آباد میں ویڈیو لنک کے ذریعے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسے میں مرکزی قائدین سمیت پارٹی کارکنان اور عوام نے بھرپور شرکت کی۔سید پرویز مشرف نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے نومنتخب صدر ڈاکٹر محمد امجد اور سیکرٹری جنرل مہرین ملک آدم کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ آل پاکستان مسلم لیگ پورے ملک کی جماعت ہے جس میں بلاتفریق سارے عوام بالخصوص اقلیتی برادری ، خواتین ، نوجوان ، مزدور ، کسان اور ہر طبقہ فکر کے لوگ شامل ہیں۔ ہم لیگی دھڑوں کو اکٹھا کرکے تیسری سیاسی قوت بنائیں گے اور 2018ء کے انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے۔ وطن واپس آ کر تیسری سیاسی قوت کی خود قیادت کروں گا۔ انہوں نے اپنے اور بعد کے ادوار کا تقابلی جائزہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ میرے دور میں غریب ، محنت کش اور کسان طبقہ خوشحال ہوا اور غربت میں کمی ہوئی۔ میرے اقتدار میں پاکستان عروج پر تھا ۔ صنعتیں فعال اور برآمدات میں اضافہ ہو رہا تھا ، ملک میں سرمایہ کاری آ رہی تھی ۔ ملک بھر میں ترقیاتی کام ہو رہے تھے۔ کسان اور مزدور خوش تھے۔ دفاع مضبوط تھا ، کسی کو ہماری طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی ہمت نہیں تھی۔ خطے میں ہمارا ایک رتبہ تھا۔ مسلم امہ سمیت پوری دنیا میں ایک رتبہ تھا۔ اب ہر جگہ تباہی نظر آتی ہے۔ دس سال میں ملک کی کوئی ترقی نہیں ہوئی۔ مہنگائی آسمان پر ہے ، عوام بدحال ہے۔

پرویزمشرف

مزید : صفحہ آخر