سینیٹ الیکشن کے لیے پی ایس پی لائحہ عمل طے کرے گی ، رضا ہارون

سینیٹ الیکشن کے لیے پی ایس پی لائحہ عمل طے کرے گی ، رضا ہارون

  



کراچی (اسٹاف رپورٹر ) پاک سرزمین پارٹی کے سیکرٹری جنرل رضا ہارون نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے ہمارا بہت ساتھ دیا ہے پی ایس پی کے 6امیدواران نے سینیٹ انتخابات میں چھ نشستوں کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے کاغذات کی جانچ پڑتال کے بعد 4 امیدواروں کے کاغذات منظور کر لیئے گئے ہیں ۔ وہ الیکشن کمیشن کے باہرمیڈیا سے بات چیت کررہے تھے ۔ رضا ہارون نے پی ایس پی کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظورہونے پرخوشی کا اظہارکرتے ہوئے سینیٹ انتخابات کے لیے آج سے باضابطہ ملاقاتوں اورسیاسی جماعتوں سے رابطے کرنے کا بھی اعلان کیا انہوں نے کہاکہ سینیٹ الیکشن کے لیے پی ایس پی اپنا لائحہ عمل طے کرے گی اورہم منتشرپارٹی کے ارکان سندھ اسمبلی سے درخواست کریں گے وہ پی ایس پی کوووٹ دیں۔ رضا ہارون نے کہاکہ ایم کیو ایم پاکستان کے اندرونی اختلافات کوئی سیاسی گرما گرمی نہیں ہے دو بند کمروں میں ایک سیاسی جماعت کی قیادت کے معاملے پراختلافات پید اہوئے جنہیں لے کرالگ الگ گروپ بند کمرے میں سلجھانے میں لگے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جو سیاسی جماعت عوام کے حقوق کے لیے بات کرتی ہے تو وہاں انتشار نہیں ہوتا۔ مفادات پرجھگڑے ہوتے ہیں ۔ انہوں نے لیجنڈ قاضی واجد کے انتقال پر شدید دکھ کا اظہارکیا اور کہاکہ فن کی دنیا میں ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گاانہوں نے عاصمہ جہانگیر کے انتقال پر سوگواران سے اظہار افسوس کیا۔

مزید : رائے /علاقائی