لاہور میں ممکنہ دہشتگردی کا خدشہ، حساس اداروں کی رپورٹ پر سیکیورٹی الرٹ

لاہور میں ممکنہ دہشتگردی کا خدشہ، حساس اداروں کی رپورٹ پر سیکیورٹی الرٹ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(خبرنگار) صوبائی دارالحکومت میں ممکنہ دہشت گردی کا خدشہ، حساس اداروں کی رپورٹ پر سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے اور شہر کے داخلی و خارجی راوستوں سمیت اہم مقامات پرکمانڈوز تعینات کر دئیے گئے ۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ حساس اداروں نے رپورٹ دی ہے کہ شہر میں ماڈل ٹاؤن میں وزیر اعلیٰ ہاؤس ، مال روڈ، گورنر ہاؤس، جاتی امراء اور دیگر اہم مقامات سمیت تعلیمی اداروں اور سرکاری و نیم سرکاری دفاتر سمیت اہم مقامات سے سیکیورٹی بیئررز اٹھانے کے بعد سیکیورٹی کے ناقص انتظامات پائے گئے ہیں اور شرپسند عناصر شہر میں دہشت گردی پھیلاسکتے ہیں۔ جس پر گورنر ہاؤس، وزیر اعلیٰ ہاؤس، جاتی امراء، سول سیکرٹریٹ ، ایف آئی اے آفس، 90 شاہراہ قائد اعظم، آئی جی آفس اور سی سی پی او آفس سمیت تمام اہم عمارتوں اور مقامات پر سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے اوراس میں کمانڈوں کی خدمات طلب کر لی گئی ہیں جبکہ اس کے ساتھ ساتھ ایلیٹ فورس کے دستوں کی گشت کو بڑھا دیا گیا ہے اور اس میں ڈولفن فورس اور پیروسکواڈ کو بھی تھانوں کی سطح پر بیٹوں میں ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی جائے۔ اس حوالے سے سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے ’’ پاکستان‘‘ کو بتایا کہ شہر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے اور اس میں اہم مقامات پر سیکیورٹی اہلکاروں کی تعداد بڑھانے کے ساتھ ساتھ ایلیٹ فورس کی بھی گشت بڑھا دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشکوک افراد کی کڑی نگرانی حکم دے دیا گیا ہے جس کے لئے حساس اداروں اور سپیشل براچ سمیت لاہور پولیس کی خفیہ ٹیموں کو ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔

مزید :

صفحہ آخر -