بھارت کی بڑھتی جارحیت بڑے تصادم کا پیش خیمہ بن سکتی ہے، برجیس طاہر

بھارت کی بڑھتی جارحیت بڑے تصادم کا پیش خیمہ بن سکتی ہے، برجیس طاہر

  



اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چو دھری محمدبرجیس طاہر نے ایل او سی پر بھارت کی جانب سے حالات کو کشیدہ کرنے کے اقدامات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے ایل او سی پر بڑھتی جارحیت کسی بڑے تصادم کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتی ہے، چند رپورٹس کے مطابق بھارت ایل او سی کے اگلے مورچوں پر ٹینک شکن میزائل نصب کر رہا ہے جو کہ خطے میں جنگی کیفیت کو ہوا دینے کے مترادف ہے ، انہوں نے عالمی برادری سے بھارت کی جانب سے جارحیت پر مبنی ان اقدامات کا فوری نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے ایسے انتہائی اقدامات خطے کے امن کے لیے انتہائی خطرناک ہیں ۔ گزشتہ ایک سال سے بھارت نے ایل او سی پر جارحیت کو معمول کی کارروائی بنا لیا ہے اور صرف ایک سال میں بھارت نے سینکڑوں مرتبہ ایل او سی پر جنگ بندی معاہدہ کی خلاف ورزی کی اور درجنوں شہریوں کو شہید کیا ۔ پاکستان کی افواج ایل او سی پر بھارتی جاریت کا منہ توڑ جواب دے رہی ہیں بھارت تو کیا پوری دنیا پاک افواج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں سے بخوبی واقف ہیں اور جس طرح پاکستان کی افواج اور سکیورٹی اداروں نے دہشت گردی کے ناسور کو شکست دی ہے اس کہ کوئی مثال نہیں ملتی ، بھارت کو اچھی طرح اندازہ ہے کہ اس کی کسی بھی قسم کی شرارت کا کیا نتیجہ نکلے گا ۔ ا جنگی اقدامات سے بھارت درحقیقت پاکستان کو کشمیروں کی اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی حمایت سے دستبردار کرانا چاہتا ہے جس میں اس کو کبھی کامیابی حاصل نہیں ہو گی کشمیر پاکستان کی شہ رگ اور تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے اور پاکستان تمام تر حالات میں اپنے کشمیروں کی حق خود ارادیت کہ حمایت جاری رکھے گا ۔ بھارت کی یہ خام خیالی ہے کہ وہ انسانیت سوز مظالم سے غیور کشمیروں کو حق خود ارادیت کے مطالبے سے دستبردار کروا سکتا ہے ، حق خود ارادیت کہ اس جدوجہد کو بہادر کشمیروں نے اپنی لاکھوں جانوں کی قربانیوں سے زندہ رکھا ہے آج بھی کشمیروں کی تیسری نسل روزانہ کی بنیاد پر اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کی قراردادوں میں تسلیم شدہ اور دیے گئے حق خود اراویت کے حصول کے لیے جانوں کی قربانیاں پیش کر رہے ہیں ۔ مقبوضہ کشمیر کی گلیوں اور سڑکوں پر پاکستان کے پرچم لہرانے اور پاکستان زندہ آباد کے نعرے کشمیریوں کی پاکستان سے وابستگی کا کھلا اظہار ہے جس کا عالمی برادری کو احترام کرتے ہوئے جلد کشمیر میں استصواب رائے کا انعقاد کرانا چائیے۔ عوام اور حکومت کشمیریوں کی پاکستان سے اس وابستگی کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔حق خود ارادیت کے حصول کے لیے تمام تر حالات میں کشمیریوں کی سیاسی ، سفارتی اور خلاقی حمایت جاری رکھیں گے ۔

برجیس طاہر

مزید : رائے /علاقائی