اقتصادی حوالے سے صدر کے اعداد و شمار غیر حقیقی ہیں، مشیر خامنہ ای کا الزام

اقتصادی حوالے سے صدر کے اعداد و شمار غیر حقیقی ہیں، مشیر خامنہ ای کا الزام

تہران(این این آئی)ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای کے مشیر برائے عسکری امور نے صدر حسن روحانی کی طرف سے ملک میں اقتصادی شرح نمو اور بے روزگاری کے حوالے سے پیش کردہ اعداد وشمار کو جعلی اور غیر حقیقی قرار دے کر مسترد کر دیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق سپریم لیڈر کے مشیر یحییٰ رحیم صفوی نے ایک بیان میں کہا کہ صدر حسن روحانی کی طرف سے معاشی شرح نمو اور بے روزگاری کے حوالے سے جاری کردہ اعداد وشمار غلط ہیں۔رحیم صفوی نے کہا کہ اقصادی شرح نمو اور ملک میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے صدر کی طرف سے جو اعداد وشمار جاری کیے گئے ہیں وہ حقائق کے مطابق نہیں۔ حکومت کی طرف سے کیے گئے اقدامات کا عوام کو کوئی فائدہ نہیں پہنچا۔ ان کا اشارہ ملک میں موجود مہنگائی اور معاشی عدم مساوات کی جانب تھا جس کے باعث ملک بدترین عوامی احتجاج کی لپیٹ میں آ چکا ہے۔

رحیم صفوی نے ایک تقریب سے خطاب میں کہا کہ بعض لوگ ملک میں اقتصادی شرح نمو کے جعلی اعداد وشمار جاری کرتے ہیں مگر عوام کی سطح پر ان اعداد وشمار کا کوئی فائدہ دکھائی نہیں دیتا۔ اس کے علاوہ وہ ملک میں بڑے پیمانے پر روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی بھی بات کرتے ہیں مگر بے روزگاری کا دائرہ مسلسل پھیل رہا ہے۔ ایرانی جامعات سے فارغ التحصیل نوجوان بے روزگار ہو رہے ہیں۔

مزید : عالمی منظر