برقعہ پہن کر فرارکی کوشش،لیبیائی دہشت گردچیک پوسٹ پرگرفتار

برقعہ پہن کر فرارکی کوشش،لیبیائی دہشت گردچیک پوسٹ پرگرفتار

طرابلس(این این آئی)لیبیا میں دہشت گردی پر قابو پانے سے متعلق سیکیورٹی ادارے نے ایک دہشت گرد کو برقعے میں فرار ہونے کی کوشش کے دوران حراست میں لے لیا۔عرب ٹی وی کے مطابق لیبی فوج کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ فوج کے زیر محاصرہ درنہ شہر سے ایک شدت پسند نے خاتون کا بھیس بدل کر فرار ہونے کی کوشش کی مگر فوج نے دہشت گرد کی فرار کی کوشش ناکام بناتے ہوئے اسے حراست میں لے لیا۔لیبیا کے سیکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ مشتبہ دہشت گرد کو گذشتہ روز درنہ کے مغربی علاقے کرسہ سے اس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ برقع پہن کر ایک ٹیکسی میں فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔ایک چیک پوسٹ سے گزرنے کی کوشش کے دوران سیکیورٹی حکام کو شک گذرا۔ انہوں نے گاڑی کی تلاشی لی اور فرار ہونے کی کوشش کرنے والے جنگجو کو اپنی شناخت ظاہر کرنے کا کہا۔ تحقیقات سے پتا چلا کہ برقع پوش کوئی خاتون نہیں بلکہ ’سفیان عبدالرحمان عطیہ‘ نامی ایک دہشت گرد ہے اور درنہ مجلس شوریٰ نامی گروپ کا رکن ہے۔حکام نے برقع میں فرار کی کوشش کرنے والے شدت پسند کی موقع پر ایک ویڈیو بھی بنائی ہے۔

مزید : عالمی منظر