سینٹ الیکشن امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال آج مکمل ہوگی
اسلام آباد، کوئٹہ،کراچی (نیوز ایجنسیاں) آج پیر کے روز 3مارچ کو سینٹ کے ہونیوالے انتخابات کے لئے چاروں صوبوں سے حصہ لینے والے امیدواروں کی کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال مکمل ہوجائے گی جس میں ضا ربانی سمیت کئی امیدواروں کی کاغذت نامزدگی شامل ہیں جبکہ تحریک انصاف نے اسحاق ڈار کے کاغذات نامزدگی کو چیلنج کر رکھا ہے ، اسلام آباد سے ایک جنرل اور ایک ٹیکنوکریٹ کی نشت پر 8امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں ان 2نشتوں پر اب کاغذات جمع کرانے کا وقت ختم ہوگیا ہے۔ پنجاب میں سینیٹ کی 12نشستوں پر 34امیدوار مد مقابل ہیں پنجاب میں 7جنرل، 2خواتین کی مخصوص ،2علماء و ٹیکنوکریٹ اور غیر مسلموں کی ایک مخصوص نشت شامل ہیں ۔ اس کے علاوہ بلوچستان سے بھی 11امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی چھان بین مکمل کرلی گئی ہے۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے علاقائی دفاتر سینٹ انتخابات کے سلسلے میں گزشتہ روز اتوار کو چھٹی کے دن بھی کھلے ر ہے ۔فاٹا کی چار سینیٹ نشستوں کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آج (پیرکو) آخری دن ہے ۔کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ گزشتہ روز اتوارکو بھی جاری ہے۔ اب تک نو امیدواروں نے فاٹا کی چار نشستوں پر کاغذات جمع کرائے ہیں۔الیکشن کمیشن کے مطابق فاٹا کی چار نشستوں پر کاغذات نامزدگی 12 فروری تک جمع کرائے جا سکتے ہیں۔علاوہ ازیں کوئٹہ سینیٹ انتخابات کے دوسرے مرحلے میں جنرل نشستوں پر تمام امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال مکمل کرلی گئی،15امیدواروں میں سے کسی کے بھی کے کاغذات پر اعتراض دائر نہیں کیا گیا ۔کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ کے فاروق ستار،عامرخان گروپ ،پاک سرزمین پارٹی ، مسلم لیگ نون ، فنکشنل مسلم لیگ کے بارہ امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظورکرلیے گئے،ایم کیو ایم کے عامر چشتی،پی ایس پی کی صوفیہ سعید، حسان صابر ایڈووکیٹ سمیت تین امیدوارسینیٹ الیکشن کے لیے نااہل ہوگئے، ایم کیو ایم کے احمد چنائے،تحریک انصاف کے نجیب ہارون کی اہلیت کا فیصلہ کل تک ملتوی کردیا گیا۔الیکشن کمیشن سندھ میں سینیٹ انتخابات کے لیے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا سلسلہ آج اتوارکودوسرے روزبھی جاری رہا ۔