حکمران قومی خزانہ لوٹنے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں ‘ میاں مقصود
ملتان (سپیشل رپورٹر )امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ پارلیمنٹ کی منظوری کے بغیر عام انتخابات سے 4ماہ قبل اراکین پارلیمنٹ کے لیے مختص ترقیاتی فنڈزمیں28ارب روپے کااضافہ تشویش ناک ہے۔یوں محسوس ہوتاہے کہ جیسے حکمران مخصوص افراد(بقیہ نمبر33صفحہ12پر )
کونوازنے کے لیے ایسے اقدامات کرر ہے ہیں۔عوام کو ریلیف دینے کے نام پر قومی خزانے کو لوٹنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ حکمرانوں نے اپنے دور حکومت میں عوام کو کسی قسم کاکوئی ریلیف فراہم نہیں کیا۔اب جبکہ عام انتخابات سرپر ہیں تو حکمرانوں کو عوام کی یادستانے لگی ہے۔ حکمران اگر واقعی عوام کوریلیف دینا چاہتے ہیں توپھرترقیاتی فنڈزکوبلاتفریق تقسیم کیاجاناچاہئے تاکہ عوام کی فلاح وبہبود کافریضہ بلارکاوٹ اداکیاجاسکے۔انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کے عاقبت نااندیش فیصلوں کی بدولت اس وقت ملک وقوم سنگین قسم کے بحرانوں کاشکار ہیں۔مہنگائی،بے روزگاری،دہشتگردی ،لوڈشیڈنگ اور کرپشن نے ملک کو تباہی کے دھانے پر لاکھڑاکیا ہے۔مسلم لیگ(ن) کی موجودہ حکومت نے عوام کے مسائل میں کمی کے بجائے ان میں اضافہ کیا ہے۔لوگوں کوروزگار میسر نہیں جس کی وجہ سے پڑھے لکھے اور ہنر مندافراددردرکی ٹھوکریں کھارہے ہیں۔