منصفانہ نظام کے بغیر کوئی قوم اپنے پاؤں پر کھڑی نہیں ہو سکتی :پرویز خٹک

منصفانہ نظام کے بغیر کوئی قوم اپنے پاؤں پر کھڑی نہیں ہو سکتی :پرویز خٹک

  



پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی جدوجہد کا بنیادی مقصد نظام کی تبدیلی ہے اور اسی مقصد کیلئے باشعور نوجوانوں نے پی ٹی آئی کی قیادت پر اعتماد کیا تھا۔بحیثیت قوم ہمیں سمجھ لینا چاہیے کہ منصفانہ اور شفاف نظام کے بغیر کوئی بھی قوم اپنے پاؤں پر کھڑی نہیں ہو سکتی ۔یہ ایک ایسی اٹل حقیقت ہے جس پر دُنیا کی تاریخ شاہد عادل ہے ۔پاکستان کے مسائل کی بنیادی وجہ کرپٹ حکمران ہیں جنہوں نے ذاتی مقاصد کیلئے قومی سلامتی کو داؤ پر لگا دیا۔کرپٹ اشرافیہ کے سرغنہ نااہل نواز شریف اب عدلیہ اور فوج کے پیچھے پڑے ہوئے ہیں ۔اس ملک کے غریب عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے اشرافیہ کے رحم وکر م پر تھے ایک طویل عرصے کے بعد عمران خان کی صورت میں قوم کو ایک مخلص لیڈر ملا۔جس کا مشن ملک سے کرپٹ اشرافیہ اور ڈاکو راج کا خاتمہ کرنا ہے ۔لوٹ مار اور پاکستان مزید ایک ساتھ نہیں چل سکتے ۔ اب قوم کی تقدیر اُس کے اپنے ہاتھ میں ہے قوم نے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنا ہے ۔ غریب کی ذلت ورسوائی کے خاتمے اوراُس کے حقوق کے تحفظ کیلئے عمران خان کا ساتھ دینا ہوگاکیونکہ عمران خان کی کوئی ذاتی جنگ نہیں ہے ۔ وہ عام آدمی کے حقوق کیلئے کھڑا ہے اور موجودہ صوبائی حکومت نے ساڑھے چار سال پی ٹی آئی کے منشور کے مطابق عام آدمی کی عزت کی بحالی اور اُس کے حقوق کے تحفظ کیلئے دیر پا اقدامات کئے ہیں جن کی بدولت ہم دوبارہ اقتدار میں آکر غریب دشمن اشرافیہ کا مکمل خاتمہ کریں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع کوہاٹ کے ایک روزہ دورہ کے دوران یونین کونسل جرمہ میں عوامی اجتماع جبکہ شیخ اﷲ داد زیارت کے علاقہ پستہ سنڈا میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر قانون امتیاز شاہد قریشی، ایم این اے شہریار خان آفریدی ، سابق گورنرخیبرپختونخوا افتخار حسین شاہ ،ایم پی اے ضیاء اﷲ بنگش، جمعیت علمائے اسلام (س) کے رہنما مولانا یوسف شاہ اور ڈسٹرکٹ ناظم نسیم آفریدی نے بھی اجتماع سے خطاب کیا۔ مقررین نے وزیراعلیٰ کے دورہ کو علاقے کی ترقی کیلئے نیک شگون قرار دیا۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر جرمہ ، گنڈیالی، بیزادی ، چکر کوٹ اور شاہ پور کے عوام کوسیکشن فور ختم کرکے زمین کے مالکانہ حقوق دینے کا اعلان کیااور عندیہ دیا کہ آئندہ ایک سال کے اندر تمام انتقالات مکمل کرلئے جائیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ صوبائی حکومت نے گزشتہ ساڑھے چار سالوں میں نظام کی تبدیلی کے منشور کے تحت نظر آنے والی جدوجہد کی ہے۔پرویز خٹک نے کہا کہ صوبائی حکومت کی کارکردگی کی بدولت صوبے بھر میں تحریک انصاف کی مقبولیت بڑھ رہی ہے۔ خیبرپختونخوا کی روایت کے برعکس آخری سال میں بھی لوگ جوق درجوق پی ٹی آئی میں شامل ہو رہے ہیں۔ساری جماعتیں یکجا ہو کر بھی پی ٹی آئی کا مقابلہ نہیں کر سکتیں ۔قبل ازیں وزیراعلیٰ سوات دھماکے کے شہید کیپٹن جازب کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کیلئے شہید کے گھر کوہاٹ ٹاؤن شپ گئے۔وزیراعلیٰ کچھ دیر وہاں رکے اور لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ۔ انہوں نے شہید کے درجات کی بلندی کیلئے دُعا بھی کی ۔

مزید : کراچی صفحہ اول