عوام انتخابات میں چوروں اور لٹیروں کو نکال باہر کرینگے‘ محمود خان

عوام انتخابات میں چوروں اور لٹیروں کو نکال باہر کرینگے‘ محمود خان

  



پشاور (سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر آبپاشی وکھیل او رپاکستان تحریک انصاف ملاکنڈ ریجن کے صدر محمود خان نے کہا ہے کہ عوام آنے والے 2018کے عام انتخابات میں چورو ں اور لٹیروں کو ہمیشہ کے لئے سیاست سے باہر کریں گے ، عوام باشعور ہیں وہ کرپٹ زدہ سیاستدانوں کے جھوٹے نعروں میں نہیں آئیں گے، عوام کی دولت لوٹنے والے اب کس منہ سے عوام کے سامنے آرہے ہیں ، یہی سیاستدان صرف انتخابات کے دوران نظر آتے ہیں ،اے این پی ، پی پی پی ،جے یو آئی اور دوسری سیاسی جماعتوں کا دور گزر چکا ہے اور آنے والے انتخابات میں چاروں صوبوں سمیت وفاق میں بھی پی ٹی آئی کی حکومت ہو گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے گھڑی چپڑیال مٹہ سوات میں ایک بڑے شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن، رشوت اورحرام خوری ہمارے ملک کا ناسور بن چکی ہے جس کی جڑیں ختم کئے بغیر عوام خوشحال اور معاشرہ اسودہ حال نہیں ہو سکتے ۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ صوبائی حکومت نے رشوت ، کرپشن اور لوٹ مار کے خاتمے کے لئے ریکارڈ قانون سازی کی ہے ، جزا و سزا کا ایک شفاف نظام قائم کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک پرامن معاشرے کے قیام کے لئے برسراقتدار طبقے کا ایماندار اوران کی نیت ٹھیک ہونا چاہیے تب ہی ملک سے برائی کی تمام جڑیں ختم ہو سکتی ہیں ۔ محمود خان نے کہا کہ ماضی میں عوام سیاسی قوتوں سے مایوس ہو چکے تھے لیکن پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے تبدیلی کا نعرہ لگاکر قوم کو جوویژن دیااس پر عمل درآمد سے لوگوں کو یقین بنتا گیا کہ عمران خان ہی واحد لیڈر ہے جو ملک اور صوبے کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے مخلصانہ جدوجہد کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی ساڑھے چار سالہ کارکردگی عوام کے سامنے ہے اس لئے دیگر سیاسی پارٹیوں کے کارکنان پی ٹی آئی میں آئے روز شامل ہو رہے ہیں ۔محمود خان نے اپنے حلقہ نیابت پی کے 84-میں ترقیاتی کاموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت میں جتنے ترقیاتی کام یہاں پر ہوئے ہیں گزشتہ 70سالوں میں نہیں ہوئے ۔ انہو ں نے کہا کہ ہماری کارکردگی سے عوام مطمئن ہیں اور انشاء اﷲ آئندہ انتخابات میں ہم اپنی مثبت کارکردگی کی بنیاد پر کلین سویپ کریں گے ۔

مزید : کراچی صفحہ اول