خیبرپختونخوا کو سابقہ ادوار میں پسماندہ رکھا گیا:عاطف خان

خیبرپختونخوا کو سابقہ ادوار میں پسماندہ رکھا گیا:عاطف خان

  



پشاور (سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیرتعلیم وتوانائی محمدعاطف خان نے کہاہے کہ سابقہ حکمرانوں کے غلط پالیسیوں اورکرپشن کی وجہ سے خان ،خوانین اوراقربا ء پروری پالنے والے لوگ امیر سے امیر تر اور غریب اورکمزورلوگ مزید پستی کاشکارہوتے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ ان حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے خیبرپختونخواہ بہت زیادہ متاثر ہواتھاتاہم تحریکانصاف کی صوبائی حکومت نے نہ صرف صوبے کی تشخص کوبحال کی بلکہ قیام امن کیلئے عملی اقدامات کئے۔ وہ گورنمنٹ ہائی سکول گدر میں دوکروڑروپے کی لاگت سے تعمیر ہونیوالے سپورٹس ہال کی افتتاح کے بعد ایک بڑے شمولیتی جلسے سے خطاب کررہے تھے۔جلسے سے ممبرقومی اسمبلی مجاہدخان اورڈسٹرکٹ ممبرشیربہادر خان نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پرپاکستان پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے زبیرخان ، نائب ناظم کے علاوہ وصال محمد، جاوید، سجاد، حیات خان، عمران، گلزار، غفران اور نوررحمن نے درجنوں ساتھیوں سمیت پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کااعلان کیا۔ محمدعاطف خان نے شامل ہونیوالوں کو پارٹی کی ٹوپیاں پہنائی۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے محمدعاطف خان نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت میں جتنے بھی ترقیاتی کام ہوئے تمام ٹھیکے میرٹ پر ای ٹینڈرنگ سسٹم کے ذریعے دیے گئے ہیں تعمیراتی کاموں میں کمیشن کی گنجائش ہے اور نہ ہی ٹھیکیدارکمزورمیٹریل استعمال کر سکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ 2013کے انتخابات میں عوام نے ہم پرجو اعتماد کیاتھا ، اس پر پورا اترنے کے لئے میں نے اپنے حلقہ نیابت کا پورا فنڈ لوگوں کی فلاح وبہبود پرخرچ کی ہے ۔ وزیرتعلیم نے کہا کہ ان کی پارٹی انصاف کیلئے بنی ہے ، ہم نے ہمیشہ غریب لوگوں کوسپورٹ کیا ہے ،جتنی پالیسیاں بنائیں اور پراجیکٹس متعارف کرائے ہیں سب غریب لوگوں کی فلاح وبہبود کیلئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ آج اداروں کی بحالی اورمیرٹ کی بالادستی کی وجہ سے 40ہزار اساتذہ میرٹ پربھرتی کئے گئے جن میں اکثریت غریب اورذہین اساتذہ کی ہیں جبکہ عوامی نیشنل پارٹی کے دورمیں نوکریاں بکتی تھی اور سپاہی کے پوسٹوں کیلئے لاکھوں روپے لئے جاتے تھے۔ آج بغیر کسی سفارش اورپیسوں کے لوگ بھرتی ہورہے ہیں پولیس ڈیپارٹمنٹ میں اصلاحات کرکے عوام کو تحفظ دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں چوری، ڈکیتی، رہزنی عام تھی اور یہ تمام لین دین اور فیصلے سٹیشنوں میں ہوتے تھے۔ آج وہی پولیس ہے جو عوام کی خدمت کو عبادت سمجھتی ہے، پولیس کوباختیار بناکرسزاوجزا کاعمل دیا اور سیاسی مداخلت کا مکمل خاتمہ کردیا ہے اور آج خیبر پختونخوا کی پولیس پاکستان کی بہترین پولیس مانی جاتی ہے۔ عاطف خان نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کی مقبولیت روزبروز بڑھ رہی ہے ،چترال سے لیکر کراچی تک لوگوں کی ایک کثیر تعداد اس پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہورہی ہے اورعمران خان کوسپورٹ کررہے ہیں اورجن کاووٹ گذشتہ انتخابات میں نہیں تھا اب کے بار وہ بھی ووٹ کے ذریعے پاکستان تحریک انصاف کو سپورٹ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ علاقہ سابقہ ادوار میں ترقیاتی کاموں کے لحاظ پسماندہ رہ چکاتھا اور یہاں کے باشندے مایوسی کے شکار تھے ، ہم نے علاقے میں اتنے ترقیاتی کام کئے جس سے ماضی کاازالہ ہوگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہاں پرترقیاتی کاموں کاجال بچھادیاگیاہے۔اس کے علاوہ سٹریٹ لائٹس کی تنصیب ہورہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کی تبدیلی کی جھلک خیبرپختونخوا کے عوام نے دیکھ لی ہے اورآئندہ انتخابات میں بھی کامیابی تحریک انصاف کی ہی ہوگی۔

مزید : کراچی صفحہ اول