فاروق ستار کا رابطہ کمیٹی کو برطرف کرنے اور پارٹی انتخابات کرانے کا اعلان
کراچی(ویب ڈیسک) رابطہ کمیٹی نے فاروق ستار کو برطرف کیا جس پر فاروق ستار نے رابطہ کمیٹی کو برطرف کرنے اور 17 فروری کو پارٹی الیکشن کرانے کا اعلان کردیا۔
ایم کیو ایم کے جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ کے سابق کنوینر فاروق ستار نے کہا کہ پی آئی بی ہمارے پاس ہے بہادر آباد بھی واپس لیں گے، میں تمام رابطہ کمیٹی کو آرٹیکل سکس کے تحت فارغ کرتا ہوں اب رابطہ کمیٹی بھی برطرف ہوگئی اور اس کے اختیارات بھی برطرف ہوگئے۔
فاروق ستار نے ایک قرارداد پیش کی جس میں انہوں نے 17 فروری کو پارٹی کے الیکشن کرانے کا اعلان کیا اور کہا کہ 17 فروری کو پارٹی الیکشن کرائیں گے جس کے بعد پتا چل جائے گا کارکنان کس کے ساتھ ہیں۔
فاروق ستار نے کہا کہ چھ راتوں سے جاگ کر پارٹی کو بچانے میں لگا ہوا تھا، عاقبت نااندیش ساتھیوں نے پارٹی کے دستور کا معاملہ چھیڑ دیا، ایک چھوٹی موٹی چارج شیٹ میرے پاس بھی ہے، رابطہ کمیٹی کے ارکان نے غیر آئینی اجلاس پر اجلاس بلاکر پارٹی آئین اور انتخابی قوانین کی خلاف ورزی کی، میں نے بانی ایم کیو ایم کے اختیارات نہیں مانگے لیکن ممنون حسین بن کر بھی نہیں رہنا چاہتا۔