پاکستان کا وہ گاﺅں جہاں ایڈز وباءکی طرح پھیلنے لگا، انتہائی خطرناک خبر آگئی

پاکستان کا وہ گاﺅں جہاں ایڈز وباءکی طرح پھیلنے لگا، انتہائی خطرناک خبر آگئی
پاکستان کا وہ گاﺅں جہاں ایڈز وباءکی طرح پھیلنے لگا، انتہائی خطرناک خبر آگئی

  


سرگودھا (صباح نیوز) گاﺅں میں ایڈز کی مہلک بیماری تیزی سے پھیل رہی ہے، 250 سے زائد بچوں، خواتین اور مردوں میں تشخیص ہوچکی ہے۔ ڈی ایچ کیو میں بچہ کلاں سے آنے والے ہر مریض کا ایچ آئی وی ٹیسٹ کروانا لازم قرار دے دیا گیا ہے، کئی خاندان ایڈز کی مہلک بیماری میں مکمل مبتلا ہوچکے ہیں، ایک ہی گھر کے دو سگے بھائی بھی بیماری سے جاں بحق ہوچکے ہیں، محکمہ صحت اس ضمن میں کوئی اقدامات نہیں اٹھارہا، گاﺅں کا ہر شخص پریشانی میں مبتلا ہوچکا ہے۔

اس بات کا انکشاف چوہدری محمد اکرم نمبردار کوٹ عمرانہ تحصیل کوٹ مومن ضلع سرگودھا کی یونین کونسل بچہ کلاں 44 کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کو بھجوائی جانے والی درخوات میں کیا گیا، یہ بھی کہا گیا ہے کہ علاقے کے ہر عمر کے شخص کے ایچ آئی وی ٹیسٹ کروائے گئے ہیں جس کی دردناک رپورٹ سامنے آئی ہے۔ رپورٹ میں 250 سے زائد افراد اس مہلک بیماری میں مبتلا ہوچکے ہیں اور یہ وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔ محکمہ ہیلتھ اور دیگر ایڈز پروگرام کے ڈاکٹرز کو فوری طور پر علاقہ میں بھجوایا جائے تاکہ اس مہلک بیماری کو مزید پھیلنے سے بچای اجاسکے۔

مزید رابطہ کرنے پر نمبردار کے بیٹے ضیاءالرحمن نے بتایا کہ ہاشم عرف (ہاشو) سمیت گاﺅں میں پانچ ایسے گھرانے جو 10 سے 12 افراد پر مشتمل ہیں کے تمام کے تمام خواتین، مردوں اور بچوں اس مہلک بیماری میں مبتلا ہوچکے ہیں۔ ایک زمیندار کے دو سگے بیٹے جعفر نواب اور مظہر نواب جن کی عمریں 25 سے 30 سال کے درمیان پائی جاتی ہیں، بھی اس بیماری کے باعث انتقال کرچکے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ گاﺅں مدیں ایڈز کی بیماری خواتین میں زیادہ پائی گئی ہے، جبکہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میں بچہ کلاں سے ہر آنے والے مریض کا فوری طور پر ایچ آئی وی ٹیسٹ کروایا جانے کے احکامات بھی جاری ہوچکے ہیں اور علاقے کو ایڈز کے حوالے سے انتہائی حساس بھی قرار دیا جاچکا ہے، علاقہ کے مکینوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے فوری طور پر علاقے میں پھیلتی ہوئی ایڈز کی بیماری کو روکنے کے لئے اقدامات کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے اور کہا ہے کہ بچہ کلاں میں بیماری کے باعث خوف و ہراس پایاجارہا ہے اور کئی لوگ علاقے سے اس خوف کے باعث نقل مکانی کرنے پر بھی سوچ رہے ہیں۔

مزید : علاقائی /پنجاب /سرگودھا