دکھی انسانیت کی خدمت عین عبادت ہے ،ضیاء اللہ بنگش

دکھی انسانیت کی خدمت عین عبادت ہے ،ضیاء اللہ بنگش

کوہاٹ(بیورورپورٹ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے تعلیم ضیاء اللہ خان بنگش نے اتوار کی شام ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال (کے ڈی اے) کوہاٹ میں پورے ہسپتال بشمول وارڈزمیں نصب ساؤنڈ سسٹم کا باقاعدہ افتتاح کردیا ۔اس موقع پر مقامی جید علماء کرام اورہسپتال انتظامیہ کے افرادموجود تھے۔ پورے ہسپتال سمیت تمام وارڈز میں روزانہ صبح سویرے دن کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوگا۔اسی سسٹم کے ذریعے تلاوت کلام پاک پورے ہسپتال میں بیک وقت سنا جائیگا۔ دریں اثناء مشیر تعلیم ہسپتال کے مختلف وارڈز بھی گئے اورمریضوں کی عیادت کی۔وہ مریضوں کے لواحقین سے بھی ملے اور ان سے ہسپتال میں حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولیات اورڈاکٹروں کے رویہ کے بارے میں دریافت کیا تاہم اس موقع پر انہیں ہسپتال میں طبی سہولیات یاانتظامیہ سے متعلق کوئی شکایت نہیں ملی جس پر انہوں نے اطمینان کااظہار کیا۔ ضیاء بنگش نے ڈاکٹرز اورطبی عملے کو ہدایت کی کہ وہ دکھی انسانیت کی اسی جذبے کے تحت خدمت کریں کیونکہ دنیا اورآخرت کی کامیابی اسی میں مضمر ہے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر