صوبائی وزیرباؤ محمدرضوان نے محکمہ تحفظ ماحولیات کا قلم دان سنبھال لیا

صوبائی وزیرباؤ محمدرضوان نے محکمہ تحفظ ماحولیات کا قلم دان سنبھال لیا

لاہور ( جنرل رپورٹر)حال ہی میں پنجاب کابینہ میں شامل ہونے والے صوبائی وزیر(باؤ ) محمدرضوان اپنے فرائض منصبی سر انجام دینے کیلئے محکمہ تحفظ ماحولیات آمدجہاں سیکرٹری ماحولیات ڈاکٹر ظفر نصراللہ خان نے تمام سٹاف کے ہمراہ صوبائی وزیر کو خوش آمدید کہا۔ سیکرٹری ڈاکٹر ظفر نے کہا کہ صوبائی وزیر کے بے پناہ تجربے کے باعث محکمہ تحفظ ماحولیات مزید بہتر طریقے سے اپنا کرداد ادا کرے گا اور صوبائی وزیر کی زیر قیادت پنجاب کو ماحولیاتی آلودگی سے پاک کرسکے گا۔ صوبائی وزیر نے ڈیپارٹمنٹ میں قائم ہوا،پانی اور ویسٹ لیبز کا معائنہ کیا اور محکمانہ امور پر بات چیت کی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ عمران خان کی زیر قیادت پاکستان کو ماحولیاتی آلودگی سے مکمل نجات دلوانا ہی ہمارا مشن ہوگا اور اس کے لئے ڈیپارٹمنٹ میں موجود تمام لوگوں کے تجربے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک بہترین ٹیم کی صورت میں آگے بڑھنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مستقبل کو محفوظ کرنے کیلئے درختوں کی کٹائی کے عمل کو ہر حال میں روکنا ہوگا جبکہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی جانب سے پلانٹ فار پاکستان مہم کا افتتاح کردیا گیا ہے اور اب ہم سب کو ملکر اس مہم کا کامیاب بنانا ہوگا تاکہ پاکستان ماحولیاتی تغیرکے مہلک اثرات سے متاثر ہونے سے بچ سکے ۔انہوں نے تمام اسٹاف کو یقین دلایا کہ میں ہر اس شخص کے ساتھ ہوں جو مکمل ایمانداری سے اپنے فرائض سر انجام دے گا اور پاکستان کو ماحولیاتی آلودگی سے بچانے میں اپنا مکمل کردار ادا کرے گا۔اس موقع پر محکمہ کے تمام افسران موجود تھے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1