حکومت پنجاب میں میڈیا سٹریٹجی کو بہت اہمیت دے رہی ہے، مومن آغا
لاہور ( جنرل رپورٹر)صوبائی سیکرٹری اطلاعات مومن آغا نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت پنجاب میں میڈیا سٹریٹجی کو بہت اہمیت دے رہی ہے اس حوالہ سے محکمہ تعلقات عامہ کا کردار بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ سیکرٹری اطلاعات نے محکمہ تعلقات عامہ پنجاب کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے متعلقہ محکموں کے بارے میں جامع معلومات حاصل کریں تاکہ صوبائی محکموں کی کارکردگی کی بہترین تشہیر ممکن ہوسکے۔یہ بات انہوں نے محکمہ تعلقات عامہ کے افسران کی کارکردگی سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں محکمہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل امجد بھٹی اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران صوبائی حکومت کی کارکردگی کی بہتر پروجیکشن کیلئے لائحہ عمل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ سیکرٹری اطلاعات نے افسران کو تاکید کی کہ وہ موجودہ حکومت کی پنجاب میں میڈیا سٹریٹجی کی اہمیت کا ادراک کرتے ہوئے اپنے محکموں اور وزراء سے قریبی رابطہ رکھیں تاکہ موجودہ حکومت کا ویژن اور امیج بہترین اور مؤثر انداز میں نمایاں کیاجاسکے۔ انہوں نے محکمہ کے افسران کی کارکردگی، محنت اورلگن کو سراہتے ہوئے کہاکہ محدود وسائل کے باوجود افسران بطریق احسن اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ تعلقات عامہ کے افسران ہمیشہ حکومت کی کارکردگی کو عوام تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، ان کی کوئی وابستگی نہیں ہوتی۔انہوں نے کہاکہ افسران کا ایک میڈیا منیجر ہونے کے ناطے ایک ایڈوائزری کردار بھی ہے۔ افسران کو چاہیے کہ وہ اپنے متعلقہ وزراء اور محکموں کو قائل کریں کہ وہ میڈیا پر اپنی کارکردگی کی تشہیر کے حوالہ سے بھرپور استعمال کریں۔ قبل ازیں محکمہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل امجد بھٹی نے محکمہ کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی اور محکمہ کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ محکمہ کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے حوالے سے مختلف تجاویز اور اقدامات پر غور کیاگیا۔