ایران کا انقلاب اسلامی امام خمینی کی قیادت کا عظیم کا رنامہ ہے، لیاقت بلوچ
لاہور( نمائندہ خصوصی)جماعت اسلامی پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے جامعہ عروۃ الوثقیٰ میں ایران انقلاب اسلامی کی چالیسویں سالگرہ کے موقع پر اتحاد امت سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حالیہ تاریخ انسانی میں ایران کا انقلاب اسلامی امام خمینی کی قیادت کا عظیم کا رنامہ ہے ۔ ہر عالمی استعماری سازشوں کے مقابلہ میں انقلاب کے مقاصد کی حکمت ، تدبر اور جرأت سے حفاظت کی ہے ۔ ایران میں انقلاب کے بعد یہ امر عیاں ہوا کہ اسلام زندہ حقیقت ہے ۔ نظام ریاست کو اسلامی اصولوں کے مطابق چلایا جاسکتاہے ۔ ایران کے انقلاب کے بعد مغربی دنیا اور عالم اسلام کی سیکولر قوتوں نے پراپیگنڈہ کیا اور فرقہ پرستی کو ہوا دی ۔ فرقہ پرستوں اور تکفیری جذبات والوں کو انتشار اور فساد کی بجائے انقلاب ایران سے جرأت ، استقامت ، غیر ت و حمیت اور استعمار کے مقابلے میں قیام کا درس لینا چاہیے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ عالم اسلام کے انتشار ،فساد اور استعماری پنجہ سے آزادی کے لیے اتحاد امت ہی واحد حل ہے ۔ انہوں نے کہاکہ عالمی قوتیں عالم اسلام اور آزاد ممالک کے خلاف سازشیں بند کریں۔ انسان دشمن حکمت عملی ترک کریں اور حقیقت کو تسلیم کر کے جیو اور جینے دو کا لائحہ عمل اختیار کریں ۔ انہوں نے کہاکہ فلسطین کی آزادی اور شاتمین رسول ؐ کے خلاف امت کومتحرک رکھنا ناگزیر ہے ۔ نوجوان سوشل میڈیا کو اسلام کے سنہری ، انقلابی پیغام کا ذریعہ بنائیں ۔ انہوں نے کہاکہ آئی ایم ایف ، ورلڈ بنک اور قرضوں و سود کی لعنت سے قومی معیشت بحال نہیں ہوسکتی ۔