عوام کو مرغیوں کا فارمولہ دیکر ’’باجی ‘‘ سلائی مشینوں سے ارب پتی بن گئیں ،اسفند یارولی

عوام کو مرغیوں کا فارمولہ دیکر ’’باجی ‘‘ سلائی مشینوں سے ارب پتی بن گئیں ...

پشاور(آن لائن)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ حکومت کو اپنی مدت پوری کرنی چاہئے اور اپوزیشن مسلط حکمرانوں کو سیاسی شہید نہیں بننے دے گی ، حکومت کا قبلہ درست کرنے کیلئے تمام سیاسی قیادت کو یکجا ہونے کی ضرورت ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے سعودی شہر ریاض میں پارٹی کے سابق مرکزی صدر گل زمین سید کی یاد میں تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر انہوں نے مرحوم کی پارٹی خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ گل زمین سید مرحوم اے این پی کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے تھے اور ان کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا شاید ہی پُر ہو (بقیہ نمبر21صفحہ12پر )

سکے گا، اس موقع پر انہوں نے اے این پی سعودی عرب کے نو منتخب صدر ڈاکٹر مزمل شاہ اور ان کی نئی کابینہ سے حلف لیا، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے چالیس برس تک لاکھوں شہریوں اور خصوصاً پختونوں کا خون بہنے کے بعد ملک آج بھی ایسے دوراہے پر کھڑا ہے جہاں ایک معمولی سی غلطی کے بھیانک نتائج سامنے آئیں گے، اسفندیار ولی خان نے کہا کہ حقیقت تسلیم کئے بغیر غلطیوں سے سبق نہیں سیکھا جا سکتا لیکن حکمران ماضی کی غلطیاں دہرانے کے موڈ میں ہیں ، انہوں نے کہا کہ گزشتہ الیکشن میں جو کھیل کھیلا گیا وہ پوری قوم کے سامنے ہے جس کے نتیجے میں ایک مخصوص شخص کو 22کروڑ عوام پر مسلط کر دیا گیا ، انہوں نے کہا کہ مسلط وزیر اعظم آج تک اپوزیشن کے خول سے باہر نہیں نکلے اور احتساب کا وہی گھسا پٹا نعرہ آج بھی لگایا جا رہا ہے جو اب انتقام کی صورت اختیار کر گیا ہے ، انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ تمام کرپٹ مافیا سیاسی جماعتوں سے نکال کر تحریک انصاف کی زینت بنا لیا گیا جبکہ سیاسی مخالفین کو انتقامی کاروائی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ، مرکزی صدر نے کہا کہ عوام کو پانچ مرغیوں کا فارمولہ دے کر ’’باجی علیمہ‘‘ خود سلائی مشینوں سے ارب پتی بن گئیں لیکن احتسابی ادارے صرف جرمانوں پر اکتفا کئے بیٹھے ہیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ علیمہ خان کی بے نامی جائیدادوں کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی بنائی جائے ،انہوں نے کہا کہ جو شخص خود غیر قانونی گھر میں رہتا ہے وہ خیبر تا کراچی غریب عوام کو تجاوزات کے نام پر بے روزگار کر رہا ہے ، انہوں نے تعجب کا اظہار کیا کہ اسلام میں بیوی سے حق مہر لینے کا تصور نہیں لیکن مدینہ جیسی ریاست بنانے والے کپتان کو حق مہر میں بنی گالہ کا گھر مل گیا ،انہوں نے کہا کہ ملک تاریخ کے بدترین دور سے گزر رہا ہے اور ملکی معیشت گھٹنوں کے بل گر چکی ہے، ماضی کی حکومتوں نے جتنا قرضہ لیا ،عمران نیازی نے صرف چھ ماہ میں اس کا دو گنا قرض وصول کر لیا جس کا براہ راست اثر عوام پر پڑ رہا ہے ، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اب متوسط طبقہ باقی نہیں رہا ، امیر امیر تر جبکہ غریب غریب تر ہو چکا ہے انہوں نے واضح کیا کہ غریب اور متوسط طبقات مل جائیں تو انقلاب کا راستہ کوئی نہیں روک سکتا اور پاکستان اسی جانب رواں دواں ہے۔

اسفندیار ولی خان

مزید : ملتان صفحہ آخر