معروف فنکار‘پرائڈ آف پرفارمنس قاضی واجد کی پہلی برسی

معروف فنکار‘پرائڈ آف پرفارمنس قاضی واجد کی پہلی برسی
معروف فنکار‘پرائڈ آف پرفارمنس قاضی واجد کی پہلی برسی

  

لاہور(فلم رپورٹر)ریڈیو اور ٹی وی کے معروف فنکار قاضی واجد کی پہلی برسی گزشتہ روز منائی گئی۔ریڈیو اور ٹیلی وڑن پر کئی یادگار کردار ادا کرنے والے قاضی واجد کا اصل نام قاضی عبدالواجد انصاری تھا۔ وہ 1943ء کو لاہور میں پیدا ہوئے انہوں نے قیام پاکستان کے بعد اپنے خاندان کے ہمراہ کراچی میں سکونت اختیار کی۔انہوں نے 10 برس کی عمر میں اپنے فنی کیریئر کا آغاز کیا اور پہلی مرتبہ ریڈیو پاکستان پر بچوں کے پروگرام نونہال میں صدا کاری کے جوہر دکھائے۔وہ 25 برس تک ریڈیو سے منسلک رہے اور اپنی شاندار صدا کاری سے سب کو اپنے سحر میں جکڑے رکھا بعدازاں جب سن 60ء کی دہائی میں پاکستان ٹیلی ویژن کا آغاز ہوا تو قاضی واجد اس سے منسلک ہو گئے۔قاضی واجد کو 1967ء میں ٹی وی سے پیشکش ہوئی ان کا ٹی وی کے لئے پہلا ڈرامہ ایک ہی راستہ تھا جس میں انہوں نے منفی کردار نبھایا تاہم 1969ء میں ڈرامہ ’خدا کی بستی‘ شروع ہوا تو اس میں قاضی واجد کو راجہ کا کردار ملا جس نے انھیں ملک بھر میں مشہور کردیا۔ویسے تو قاضی واجد نے ٹیلی ویڑن پر ان گنت کردار ادا کئے تاہم دھوپ کنارے، ان کہی، تنہائیاں، حوا کی بیٹی، خدا کی بستی، چاند گرہن، پل دو پل، تعلیم بالغاں اور ’انارکلی‘ اور دھوپ کنارے میں یادگار کارکردگی پر انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔قاضی واجد 11 فروری 2018ء کو دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے کراچی میں انتقال کرگئے۔ فن کے لئے ان کی غیر معمولی خدمات پر حکومت پاکستان نے انھیں 14 اگست 1988ء میں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے بھی نوازا۔

مزید : کلچر