قومی اسمبلی اورسینٹ کے 11اراکین کیخلاف نیب میں تحقیقات جاری

قومی اسمبلی اورسینٹ کے 11اراکین کیخلاف نیب میں تحقیقات جاری

اسلام آباد (این این آئی)قومی اسمبلی اورسینٹ کے 11اراکین کیخلاف نیب میں تحقیقات جاری ہیں ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق جن ارکا ن پارلیمنٹ کیخلاف قومی احتساب بیورو (نیب) کی تحقیقات جاری ہیں ان میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کیساتھ تحریک انصاف کے ارا کین بھی شامل ہیں۔ نیب کی جانب سے سابق صدر آصف زرداری، بلاول بھٹو، شہباز شریف، شاہد خاقان عباسی اور پرویز خٹک سمیت دیگر کو نوٹسز جاری ہو چکے ہیں۔قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو نیب نے آشیانہ سکینڈل میں جبکہ سعد رفیق کو پیراگون سکینڈل میں کرپشن الزامات پر گرفتار کیا۔ شاہد خاقان عباسی پر ایل این جی، خواجہ آصف پر منی لانڈرنگ، ریاض پیرزادہ پر اختیارات کے ناجائز استعما ل اور مریم اورنگزیب کیخلاف اثاثہ جات کیسز پر نیب انکوائری جاری ہے۔پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اور کوچیئرمین آصف زرداری کیخلاف پارک لین انکوائری جبکہ خورشید شاہ کیخلاف اثاثہ جات کیس کی چھان بین ہو رہی ہے۔ارکان پارلیمنٹ میں کرپشن کے سب سے زیادہ مقدمات سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف کیخلاف ہیں۔ سابق وزیراعظم رینٹل پاور سمیت ایک درجن مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں۔حکمران جماعت تحریک انصاف کے ارکان پارلیمنٹ میں کرپشن کیس ایک رکن وزیر دفاع پرویز خٹک کیخلاف ہے۔

مزید : صفحہ اول