نیب حکام نے گرفتارسابق وزیر کامران مائیکل کو کراچی منتقل کردیا

نیب حکام نے گرفتارسابق وزیر کامران مائیکل کو کراچی منتقل کردیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر)نیب حکام نے سابق وفاقی وزیر کامران مائیکل کو لاہور سے کراچی منتقل کردیا ہے، جہاں انہیں راہداری ریمانڈ پر رکھا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر کامران مائیکل کو نیب آفس سے لاہور ائیر پورٹ لایاگیا، جہاں سے نیب کی ٹیم نے انہیں راہداری ریمانڈ پر کراچی منتقل کیا۔واضح رہے کہ نو فروری کو احتساب عدالت لاہور نے سابق وفاقی وزیر کامران مائیکل کا پانچ روزہ راہداری ریمانڈ منظور کیا تھا،یاد رہے کامران مائیکل پرانے مسلم لیگی کارکن ہیں، وہ 2002 میں وہ پنجاب اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔بعد ازاں ن لیگ کی نامزدگی سے وہ رکن صوبائی اسمبلی اور صوبائی وزیر خزانہ پنجاب رہے۔2011 میں پنجاب کا سالانہ بجٹ بھی انہوں نے ہی پیش کیا۔ 2012 میں انہوں نے پنجاب سے مسلم لیگ کے نامزد اقلیتی سینیٹر کی حیثیت سے حلف اٹھایا اور بعد ازاں جون 2013 میں انہوں نے وفاقی وزیر برائے پورٹس اینڈ شپنگ کی ذمہ داری سنبھالی تھی۔کامران مائیکل پر کراچی پورٹ ٹرسٹ میں غیر قانونی تین کمرشل پلاٹ لینے کا الزام ہے اس کے علاوہ کامران مائیکل پر بطور وفاقی وزیر شپنگ اینڈ پورٹ اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام ہے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر