پی ٹی آئی وعدے پورے نہ کرنے پر قوم سے معافی مانگے،عاجز دھامرہ

پی ٹی آئی وعدے پورے نہ کرنے پر قوم سے معافی مانگے،عاجز دھامرہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے سیکریٹری اطلاعات عاجز دھامراہ ، ضلع شرقی کے صدر اقبال ساند اور سیکریٹری اطلاعات وقاص شوکت نے اپنے مشترکہ بیان میں کہاہے کہ پی ٹی آئی کی ناتجربہ کار وفاقی حکومت نے بالآخرحقیقی یوٹرن لے ہی لیا‘ قوم کو بھکاری بنانے اورآئندہ آنے والی نسلوں کو پائی پائی کا محتاج کرنے اور غلامی کی زنجیروں میں دھکیلنے کیلئے پی ٹی آئی نے ملک کو گروی رکھ کراپنا کشکول آئی ایم ایف کے قدموں پر رکھ ہی دیاپی ٹی آئی اپنے وعدوں، نعروں اور جھوٹے دعوؤں پر قوم سے معافی مانگے۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار پر قابض ہونے کے بعد عمران نیازی کو پاکستان کی ’’ہریالی اور خوبصورتی ‘‘نظر نہیں آرہی جو الیکشن سے قبل دکھائی دے رہی تھی اور وہ دیگر ممالک کے سامنے پاکستان کو بدنام کرنے کیلئے کشکول تھامے گھوم رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بنانے سے قبل کئے گئے وعدے اور دعوے محض جھوٹے خواب تھے جبکہ عمران نیازی کا عمل حقیقت کے برعکس ہے۔پی پی پی رہنماؤں کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے پاکستان اور پاکستانی عوام کو لاوارث کر رکھا ہے اور اگر وہ عوام میں آتے بھی ہے تو صرف انڈے، مرغی،کٹے اور سلائی مشینوں تک محدود رہتے ہیں جبکہ مہنگائی، بیروزگاری ، بجلی کی لوڈشیڈنگ اور گیس کی بندش کیلئے پی ٹی آئی حکومت کے پاس کوئی حل نہیں ہے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر