جعلی کاغذات تیار کرکے گھروں پرقبضہ کرنیوالا گروہ گرفتار
لاہور( سٹی رپورٹر) اینٹی کرپشن لاہور ریجن کی ٹیم نے غریب شہریوں کے گھروں کے جعلی کاغذات تیار کر کے قبضہ کرنے والے ایک گروہ کا سراغ لگا کر گرفتار کر لیا ہے جس میں ڈائریکٹر اینٹی کرپشن لاہور ریجن اصغر علی جوئیہ نے گزشتہ روز صحافیوں کو بتایا کہ اس گرفتار گروہ کے سرغنہ حیدر علی ٹاؤن کمیٹی کے ملازمین کے ساتھ ساز باز کر کے بوگس طریقہ سے خالی گھروں کے کاغذات تیار کرتا ہے اور اس میں فرضی لوگوں کو کھڑا کر کے گھروں کو آگے فروخت کرنے کے دھندہ میں ملوث ہے،اس گروہ میں چونیا ں قصور کی ٹاؤن کمیٹی کا ہیڈ کلرک قمرالدین بھی شامل ہے ۔ اس گروہ کے بارے شکایات ملنے پر سرکل آفسر ڈپٹی ڈائریکٹر لاہور ریجن شاہ رخ نیازی کی نگرانی میں سرکل آفسر آغا محمود علی اور دیگر افسروں اور اہلکاروں پر مشتمل ایک ٹیم تشکیل دی گئی اوراس ٹیم نے شب و روز محنت کر کے گروہ کے گروہ کے سرغنہ حیدر علی کو ساتھی ملزم قمرالدین سمیت گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار گروہ کے ارکان نے متعدد غریبوں اوربالخصوص بیوہ خواتین کے گھروں کے بوگس کاغذات تیار کرکے فرضی لوگوں کو فروخت کرنے کا انکشاف بھی کیا ہے۔ گرفتار ملزمان کے خلاف موصول ہونے والی شکایات اور درج مقدمات کی روشنی میں تفتیش کا دائرہ کار وسیع کردیا گیا ہے