سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے سامان کے 5 ٹرک اسلام آباد کے ہوٹل پہنچا دیئے گئے

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے سامان کے 5 ٹرک اسلام آباد کے ہوٹل پہنچا دیئے ...
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے سامان کے 5 ٹرک اسلام آباد کے ہوٹل پہنچا دیئے گئے

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )سعودی ولی عہد محمد بن سلمان 16 فروری کو پاکستان دورے پر آرہے ہیں اور اس کیلئے ان کا ضروری سامان 5 ٹرکوں میں بھر کر اسلام آباد کے ایک مقامی ہوٹل میں پہنچا دیا گیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان جس گاڑی پر سفر کریں گے وہ بھی سعودی عرب سے ہی لائی جائے گی اور یہ گاڑی ان کی آمد سے ایک روز قبل پہنچائی جائے گی ۔

5 ٹرکوں میں آنے والے سامان میں محمد بن سلمان کے زیر استعمال چیزیں ، ورزش کا سامان اور فرنیچر شامل ہے ،سعودی ولی عہد بڑے وفد کے ہمراہ پاکستان آئیں گے،بطور سعودی ولی عہد یہ ان کا پاکستان کا پہلا دورہ ہے اور اسی اعتبار سے یہ تاریخی کہلائے گا۔اس سے قبل شہزادہ محمد بن سلمان نے بطور وزیر برائے دفاع پاکستان کا دورہ کیا تھا۔

سعودی ولی عہد آئل ریفائنری سمیت مختلف مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کریں گے۔سعودی ولی عہد کی پاکستان آمد پرسیکورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔وزیراعظم عمران خان ایئر پورٹ پر سعودی ولی عہد کا استقبال خود کریں گے۔

سعودی ولی عہدشہزادہ محمد بن سلمان رواں ہفتے دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ رہے ہیں تاہم سیکورٹی وجوہات کی بنا پر کسی ایک تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔

مزید : قومی