کوئی شہبازشریف کیخلاف عدم اعتماد کی تحریک لاکر تو دکھائے ،خورشیدشاہ

کوئی شہبازشریف کیخلاف عدم اعتماد کی تحریک لاکر تو دکھائے ،خورشیدشاہ
کوئی شہبازشریف کیخلاف عدم اعتماد کی تحریک لاکر تو دکھائے ،خورشیدشاہ

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی خورشید شاہ نے کہا ہے کہ حکومت نے سپیکر اسدقیصر کو پریشان کر دیا ہے، سپیکر کو کمیٹی ارکان کی ردوبدل کا اختیار نہیں ہے ،سپیکر کو صرف پارٹی کی درخواست پر ردوبدل کا اختیار ہے ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ کوئی شہبازشریف کیخلاف عدم اعتماد کی تحریک لاکر تو دکھائے ،حکومت قومی اسمبلی کی کارروائی بھی نہیں چلاسکے گی ،سپیکر ،وزیر خارجہ اور وزیر دفاع کی وجہ سے پارلیمنٹ چلانے کی کوشش کی ۔

خورشید شاہ کا کہناتھا کہ ایم کیو ایم حکومت کو بلیک میل کرکے فائدہ لے گی،ایم کیو ایم کی تاریخ ہے کہ موقع سے فائدہ اٹھاتی ہے ،ان کا کہناتھا کہ ایم کیو ایم کو اپوزیشن کا حصہ سمجھتے نہ سمجھیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں پی ٹی آئی ارکان ایوان میں رقص کرتے رہے ہیں ،حکومت نے ڈگر نہ بدلی تو اپوزیشن کو بھی کو ایسا ہی کرنا پڑے گا،خورشید شاہ نے کہا کہ اسمبلی کو بے توقیر طریقے سے نہیں چلانے دینگے ،عمران خان اسمبلی کو کنٹینر کی طرح چلانے کی کوشش کر رہے ہیں ، اسمبلی میں بھی کنٹینر کی سیاست کی جا رہی ہے ۔

پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما نے کہا کہ حکومت عوام کو ڈلیور کرنے میں ناکام ہو گئی،وزیراعظم کی آئی ایم ایف چیف سے ملاقات پاکستان کی تذلیل ہے ۔

مزید : قومی /علاقائی /اسلام آباد