گائے بھینسوں کے لئے ’ڈیٹنگ‘ ایپ متعارف کروادی گئی

گائے بھینسوں کے لئے ’ڈیٹنگ‘ ایپ متعارف کروادی گئی
گائے بھینسوں کے لئے ’ڈیٹنگ‘ ایپ متعارف کروادی گئی

  

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) انسانوں کے لیے تو ٹنڈر جیسی ڈیٹنگ ایپلی کیشنز تھیں ہی، آپ یہ سن کر دنگ رہ جائیں گے کہ اب برطانیہ میں گائے بھینسوں کے لیے بھی ایسی ہی ایک ڈیٹنگ ایپلی کیشن متعارف کروا دی گئی ہے جو تیزی کے ساتھ مقبول ہو رہی ہے۔ میل آن لائن کے مطابق اس ایپلی کیشن کا نام ’ٹڈر‘ (Tudder)ہے جس پر نر اور مادہ گائیوں، بھینسوں کی پروفائلز بنائی جاتی ہیں۔ یہ ایپلی کیشن جانور پالنے والے کسانوں کی سہولت کے لیے بنائی گئی ہے تاکہ وہ اپنے مادہ گائیوں اور بھینسوں سے اچھی نسل کے بچے پیدا کرنے کے لیے اچھے بیل اور بھینسے آسانی کے ساتھ تلاش کر سکیں۔

اب تک برطانیہ کے 42ہزار فارمز سے لاکھوں جانوروں کی پروفائلز اس ایپلی کیشن پر بنائی جا چکی ہیں۔ کسان پروفائل میں متعلقہ جانور کی نسل، اس کی مارکیٹ میں قیمت، بچے پیدا کرنے اور دودھ دینے کی صلاحیت اور اس کی موجودگی کی جگہ سمیت ہر طرح کی معلومات مہیا کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ اس جانور کی تصویر بھی پروفائل میں لگائی جاتی ہے۔ کسان اس ایپلی کیشن پر جا کر اپنی پسند کا جانور تلاش کرتے ہیں اور پھر اس کی تصویر کو دائیں طرف سوائپ کرکے اس میں اپنی دلچسپی کا اظہار کرتے ہیں۔ اس طرح اس جانور کے مالک کسان کو نوٹیفکیشن چلا جاتا ہے اور پھر دونوں کسان آپس میں رابطہ کرکے جانوروں کا ملاپ کرواتے ہیں۔ یہ ایپلی کیشن ہیکٹر(Hectare)نامی کمپنی نے تیار کی ہے۔

مزید : ڈیلی بائیٹس