بھکاری مافیا کیخلاف گرینڈ آپریشن 300سے زائد بچے پکڑے گئے

بھکاری مافیا کیخلاف گرینڈ آپریشن 300سے زائد بچے پکڑے گئے

  



لاہور (لیڈی رپورٹر)سارہ احمد چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب لاہور کی ہدایت پرچائلڈ پروٹیکشن بیورو، پنجاب کا لاہور سمیت پنجاب کے آٹھ اضلاع میں بھکاری مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن آپریشن کیا گیا۔ کریک ڈاؤن آپریشن کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔ پنجاب پولیس کا سپیشل سکواڈ بھی بیورو کی ٹیموں کے ہمراہ تھا۔ ان ٹیموں نے لاہور کے مختلف علاقوں گلبرگ،ایم ایم عالم روڈ،ڈیفنس موڑ،مین مارکیٹ، اقبال ٹاون، شاہدرہ، ٹھوکر نیاز بیگ اور دیگر علاقوں میں کریک ڈاؤن آپریشن کے دوران درجنوں بھکاری بچوں کو اپنی حفاظتی تحویل میں لے لیا۔ آپریشن کی قیادت ڈائریکٹر جنرل چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب ملک محمد اقبال آلیتہ نے کی۔ کریک ڈاؤن آپریشن کے دوران بیورو نے پنجاب بھر میں 300 سے زائد بھکاری بچوں کو اپنی حفاظتی تحویل میں لے لیا اور صرف لاہور میں اب تک 95 بھکاری بچوں کو تحویل میں لیا جاچکا ہے۔ سارہ احمد چیرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب لاہور نے کریک ڈاؤن آپریشن کے دوران لبرٹی چوک پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا بچوں سے بھیک منگوانے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جا رہی ہے،حفاظتی تحویل میں لیے گئے بچوں کو حکومت پنجاب کی طرف سے ہر طرح کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1