سودی نظام معیشت نے ملک و قوم کو تباہ کر دیا،ذکر اللہ مجاہد

سودی نظام معیشت نے ملک و قوم کو تباہ کر دیا،ذکر اللہ مجاہد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (پ ر) امیر جماعت اسلامی لاہور ڈاکٹرذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ سودی نظام معیشت نے ملک و قوم کو تباہی کے دھانے پر پہنچا دیا ہے۔ ملک میں سود کی بجائے عشروزکوۃ کانظام نافذ ہوتا تو پاکستان آئی ایم ایف کی غلامی کرنے کی بجائے دوسرے ممالک کو قرض دینے والاملک بن جاتا مگر بدقسمتی سے حکومتی نااہلی کے باعث ملکی معیشت بڑھوتری کی بجائے تنزلی کا شکار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈاکٹرذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ نام نہاد تبدیلی کے دعویدارحکمرانوں نے قوم کو آئی ایم ایف کی ایما پر مہنگائی کے تابوت میں بند کردیا ہے۔ آئی ایم ایف کی شرائط قومی معیشت کے لیے مسلسل زوال اور عوام پر بوجھ بڑھانے کا پروانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کمر توڑ مہنگائی اور بے روزگاری نے غربیوں سے دو وقت کی روٹی تک چھین لی ہے جبکہ وزیر اعظم پاکستان نے 18 ماہ بعد مہنگائی کا نوٹس لیتے ہوئے 15 ارب روپے کی سبسڈی کا اعلان کرکے قوم کے ساتھ مذاق کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کے تبدیلی کے بڑے بڑے دعوے مہنگائی کے سونامی میں بہہ گئے ہیں اور عوام کی مشکلات میں سو گنا اضافہ ہوچکا ہے جو تشویشناک امر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب تک اسلامی طرز معیشت کو اختیار نہیں کر لیتے ہمارے مسائل حل نہیں ہوسکتے۔