حکومت کے سستے پیکج اعلانات تک محدود ہیں،پیر اشرف
فیروزوالہ (نامہ نگار)مسلم لیگ (ن) لاہورڈویژن کے جنرل سیکرٹری اوررکن پنجاب اسمبلی پیرمحمداشرف رسول نے کہاہے کہ نااہل حکومت کے سستے پیکیج کے اعلانات حدتک محدود ہوکررہ گئے ہیں کمرتوڑ مہنگائی کے طوفان نے عوام کاجینادوبھرکردیاہے۔ حکومت تبدیلی کا نعرہ لگانے اور غلط معاشی اعداد و شمار کے ذریعے عوام کو بیوقوف بنانے کی کوششوں کی بجائے عوام کے مسائل کے حل کی طرف توجہ دیتی تو آج ملک و قوم کی حالت اس قدر ابتر نہ ہوتی، مہنگائی اور بیروزگاری کی وجہ سے عوام پریشان ہیں نفسا نفسی کے اس عالم میں جہاں دو وقت کی روٹی حاصل کرنا مشکل ہو گئی ہے ایسے میں حکومت وقت کا فرض بنتا ہے کہ ایسے اقدامات کرے جس سے عوام کو ریلیف ملے، ایم پی اے پیراشرف رسول نے میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ہر طرف مہنگائی اور غربت کے ڈیرے ہیں، امیر امیر تر ہوتا جا رہا ہے جبکہ غریب غریب تر ہوتا جا رہا ہے کوئی غریبوں کا پرسان حال نہیں ہے حکومت صرف زبانی جمع خرچ سے کام چلا رہی ہے، پٹرول‘ آٹے اور چینی کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر ہی رہیں اور اسکے ساتھ ساتھ سبزی اور دالیں بھی عوام کی پہنچ سے دور ہو چکی ہیں، انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے غریب عوام کے منہ سے آخری نوالہ تک چھین لیا ہے اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے سے عوام کا براحال ہے، بے لگام مہنگائی نے غریب عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے عوام پیٹ کا دوزخ بھرنے کے لیے فکرمند ہیں اور حاکم وقت باتوں اور طفل تسلیوں سے عوام کو بہلانے میں مصروف ہیں، انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کے اقدامات کی طرف حکومت کی کوئی توجہ نہیں ہے حکومت کو عوام بہت جلد گھر بھیج دیں گے عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے عوام موجودہ حکومت کی نااہلی سے تنگ ہے اور کسی بھی طرح اس سے چھٹکارہ چاہتی ہے نالائق حکمرانوں نے ملکی معیشت کا بیڑہ غرق کردیا ہے غریب عوام دو وقت کی روٹی کے حصول کیلئے خوار ہوکر رہ گئی ہے موجودہ نااہل حکمرانوں سے بجات ہی ملکی بحرانوں کے حل کا واحد راستہ ہے۔