پی ٹی آئی محروم طبقات کا معیار زندگی بلند کریگی،اعجاز عالم

پی ٹی آئی محروم طبقات کا معیار زندگی بلند کریگی،اعجاز عالم

  



لاہور(لیڈی رپورٹر)صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے دور حکومت میں معاشرے کے محروم طبقے کو اوپر لانے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جا رہے ہیں اور ایک عام آدمی کو بھی شعور دے رہے ہیں کہ وہ اپنے حقوق سے آشنا ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے ماضی کی حکومتوں میں صرف اشرافیہ کو ہی نوازا جاتا تھا تاہم تحریک انصاف کے وجود میں آنے کی ایک بڑی وجہ عام آدمی کی سوچ میں تبدیلی ہے کیونکہ پاکستان میں بسنے والا ہر شہری جانتا ہے کہ زیادتی کا دور ختم ہوااور اب حقیقی معنوں میں انصاف کی فراہمی یقینی ہو سکے گی۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے گزشتہ روز نیو منسٹر بلا ک کے دفتر میں جھاڑو کش مزدور یونین کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔وفد نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ لاہور بھرمیں صفائی والا عملے کے ساتھ زیادتیوں کا سلسلہ رک نہیں رہا اور عیدالاضحی پر ڈیوٹی کرنیوالے بعض ملازمین کو بھی عدم ڈیوٹی کی بناء پر نوکری سے نکال دیا گیا جبکہ ریٹائرڈ ہونیوالے 60سال سے زائدالعمر افراد کو لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے کفایت شعاری کے نام پر دوبارہ نوکریاں دی ہیں جن میں سینٹری ورکر،سینٹری سپروائزر،ڈرائیور وغیرہ شامل ہیں۔انہوں نے صوبائی وزیر کو مزید بتایا کہ کمپنی میں ٹھیکیدار کے ذریعے کنٹریکٹ پر بھرتی کیا جا رہا ہے جبکہ اگر لاہور ویسٹ مینجمنٹ خود براہ راست ان تمام ملازمین کو کنٹریکٹ پر بھرتی کرے تو ہزاروں روپے بچائے جا سکتے ہیں،جس سے خود کمپنی کو بھی فائدہ ہو سکتا ہے اور حکومت کی کفایت شعاری کی پالیسی بھی قائم رہے گی۔صوبائی وزیر نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کے ساتھ مکمل انصاف کے لئے لاہور ویسٹ کمپنی کے سربراہ کو اعتماد میں لیکر کمپنی میں موجود تمام ملازمین کے ساتھ ہونیوالی نا انصافیوں کو ختم کیاجائیگا اور پابند کیا جائیگا کہ کفایت شعاری کی پالیسی پر عمل پیرا ہوتے ہوئے مستقبل میں مڈل مین کے کردار کی حوصلہ شکنی کی جائے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1