(ن) لیگ کا مہنگائی کیخلاف پارلیمنٹ کے باہر احتجاج، تحقیقاتی رپورٹ پبلک بحث کرانے کا مطالبہ
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) مسلم لیگ (ن)کے ارکان پارلیمنٹ نے مہنگائی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ منگل کو پارلیمنٹ کے باہر ہونیوالے مظاہرے میں ارکان پارلیمنٹ نے حکومت مخالف نعرے بازی پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرے کی قیادت لیگی رہنما رانا تنویر حسین نے کی۔رانا تنویر نے کہاکہ وزیراعظم فوری طور پر مستعفی ہوں،نئے انتخابات کرائے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم ہمیشہ کی طرح اپنے قریبی ساتھیوں کو بچائے گا،وزیراعظم عمران خان نے مہنگائی کی تحقیقات کروائی ہے،تحقیقاتی رپورٹ وزیراعظم کو موصول ہو گئی ہے،رپورٹ کا پبلک کیا جائے اور پارلیمنٹ میں بحث کرائی جائے،احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔ خواجہ آصف نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکومت عوام کا استحصال کررہی ہے،حکمران اب زیادہ وقت نہیں نکال سکیں گے۔ انہوں نے کہاکہ حمزہ شہباز کی ضمانت مسترد ہوئی ہے،ہمیں عدالتوں پر اعتماد ہے اور انصاف ملے گا۔ انہوں نے کہاکہ اگر ہمارے احتجاج کا نتیجہ نہ نکلا تو تحریک گلیوں تک پہنچ سکتی ہے،ہم سینٹ اور اسمبلی میں بھی مطالبہ کریں گے کہ تحقیقاتی رپورٹ شائع کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ پتہ چلے کہ وزیراعظم کی پناہ میں کون کون سے لوگ ہیں؟۔ انہوں نے کہاکہ نواز شریف علالت کے باعث باہر ہیں،ان کا آپریشن ہو جائے تو وہ واپس آجائیں گے۔
مسلم لیگ (ن)