مہنگائی مکاؤ مہم کا آغاز، یوٹیلیٹی سٹورز پر آٹا، چاول، چینی ، گھی دالیں سستی،کابینہ نے 15ارب کے ریلیف پیکیج کے منظوری دیدی، 2ہزار یوتھ سٹورزکھولنے کیلئے قرضے دیئے جائیں گے

      مہنگائی مکاؤ مہم کا آغاز، یوٹیلیٹی سٹورز پر آٹا، چاول، چینی ، گھی دالیں ...

  



اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) وفاقی کابینہ نے قیمتوں میں استحکام کیلئے ریلیف پیکج کی منظوری دیدی ہے جس کے مطابق یوٹیلٹی سٹور کارپوریشن کو آئندہ 5ماہ تک ماہانہ 2ارب سبسڈی فراہم کی جائے گی،گندم، چینی، چاول، دالیں اور گھی کی قیمتوں میں سبسڈی دی جائے گی،20کلو آٹے کا تھیلا 800، چینی 70روپے کلو، گھی 175روپے فی کلو دستیاب ہو گا،چاول اور دالوں کی قیمتوں میں 15سے 20روپے کمی کی جائے گی،راشن کارڈ کے ذریعے مستحق افراد کو 25سے 30فیصد سستی اشیاء فراہم ہوں گی وفاقی کابینہ نے 5 ماہ میں یوٹیلٹی اسٹورز کو 10 ارب روپے جاری کرنے کی بھی منظوری دی، اس کے علاوہ ماہ رمضان میں یوٹیلٹی اسٹورز کو 5 ارب روپے الگ سے ملیں گے۔۔ ملک بھر کے 4 ہزار یوٹیلٹی اسٹورز پر کھانے پینے کی بنیادی اشیاء سستی فراہم کی جائیں گی۔ جولائی میں وفاقی حکومت نیا پیکج متعارف کرائے گی، جس میں 3 اقسام کے چاول، 3 اقسام کا پکوان تیل اور 3 اقسام کی دالیں دستیاب ہوں گیمعاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ ریلیف پیکج سے منافع خوروں اور ذخیرہ اندوز وں کی کمر ٹوٹے گی،حکومت پسے ہوئے طبقے کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرے گی،مرحلہ وار سپورٹ پروگرام ترتیب دیا گیا ہے،یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے اشتراک سے 2ہزار یوتھ سٹورز کھولے جا رہے ہیں،یوتھ سٹورز کامیاب جوان پروگرام کے تحت کھولے جائیں گے، یوتھ سٹورز کے لیے کامیاب جوان پروگرام کے تحت بلا سود قرضے دئیے جائیں گے،12کیش اینڈ کیری سٹور قائم کیے جا رہے ہیں،یوٹیلٹی سٹورز ملک بھر میں تندوروں اور ڈھابوں کو کنٹرولڈ ریٹ پر اشیاء فراہم کریں گے،افغان سرحدی علاقوں میں 5فری زونز قائم کیے جائیں گے،ماہ رمضان سے پہلے راشن کارڈ کا اجراء کر دیا جائے گا،چینی کی قیمت کو مستحکم رکھنے کیلئے درآمد پر پابندی ختم کر دی گئی ہے،احساس اثاثہ جات پروگرام کا اجراء 21فروری کو کیا جا رہا ہے، احساس پروگرام کے تحت رواں سال 100لنگر خانے کھولے جائیں گے،گندم اور چینی کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی ہو گی،کرونا وائر س کے حوالے سے ہیلپ لائن 24گھنٹے فعال ہو گی۔منگل کو وفاقی کابینہ کااجلاس وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ہوا جس میں معاشی ٹیم اور متعلقہ اداروں نے وزیراعظم کو تفصیلی بریفنگ دی۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری اور وزیر برائے کشمیر، گلگت و بلتستان امور علی امین گنڈا پور سمیت کئی وزراء نے یوٹیلٹی اسٹورز پیکج کی مخالف کی۔یوٹیلٹی پیکج کی مخالفت کرنے والے وزراء کا مؤقف تھا کہ یوٹیلٹی اسٹورز کو اربوں روپے دینے کے بجائے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کم کی جائیں، اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ وفاقی کابینہ نے کمر توڑ مہنگائی سے نمٹنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ قیمتوں میں استحکام کیلئے ریلیف پیکج کی منظوری دی گئی ہے۔فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ یوٹیلٹی سٹور کارپوریشن کو آئندہ 5ماہ تک ماہانہ 2ارب سبسڈی فراہم کی جائے گی،گندم، چینی، چاول، دالیں اور گھی کی قیمتوں میں سبسڈی دی جائے گی۔معاون خصوصی نے کہاکہ 20کلو آٹے کا تھیلا 800، چینی 70روپے کلو، گھی 175روپے فی کلو دستیاب ہو گا،چاول اور دالوں کی قیمتوں میں 15سے 20روپے کمی کی جائے گی۔معاون خصوصی نے کہاکہ ریلیف پیکج سے منافع خوروں اور ذخیرہ اندوز وں کی کمر ٹوٹے گی،حکومت پسے ہوئے طبقے کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ مرحلہ وار سپورٹ پروگرام ترتیب دیا گیا ہے،یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے اشتراک سے 2ہزار یوتھ سٹورز کھولے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یوتھ سٹورز کامیاب جوان پروگرام کے تحت کھولے جائیں گے۔معاون خصوصی نے کہاکہ یوتھ سٹورز سے بے روزگار نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ یوتھ سٹورز کے لیے کامیاب جوان پروگرام کے تحت بلا سود قرضے دئیے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ 12کیش اینڈ کیری سٹور قائم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یوٹیلٹی سٹورز ملک بھر میں تندوروں اور ڈھابوں کو کنٹرولڈ ریٹ پر اشیاء فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ افغان سرحدی علاقوں میں 5فری زونز قائم کیے جائیں گے،ماہ رمضان سے پہلے راشن کارڈ کا اجراء کر دیا جائے گا۔فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ راشن کارڈ کے ذریعے مستحق افراد کو 25سے 30فیصد سستی اشیاء فراہم ہوں گی۔ انہوں نے کہاکہ چینی کی قیمت کو مستحکم رکھنے کیلئے درآمد پر پابندی ختم کر دی گئی ہے،چینی کی قیمت پر ریگولیٹری ڈیوٹی ختم کرنے کیلئے لائحہ عمل مرتب کیا جا رہا ہے۔ معاون خصوصی نے کہاکہ دالوں کی درآمد پر ٹیکسز کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ احساس کفالت پروگرام کے تحت 43لاکھ خواتین کو ماہانہ 2ہزار روپے دیئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ احساس اثاثہ جات پروگرام کا اجراء 21فروری کو کیا جا رہا ہے۔معاون خصوصی نے کہاکہ احساس نیوٹریشن پروگرام سے 20ہزار خواتین مستفید ہوں گی، احساس پروگرام کے تحت رواں سال 100لنگر خانے کھولے جائیں گے۔معاون خصوصی نے کہاکہ گندم اور چینی کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی ہو گی۔ انہوں نے کہاکہ گندم بحران پر تحقیقاتی رپورٹ مزید سوالات کے ساتھ واپس کر دی گئی۔ انہوں نے کہاکہ جامع تحقیقاتی رپورٹ تین ہفتوں بعد دوبارہ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کو کرونا وائرس کے حوالے سے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ معاون خصوصی ظفر مرزا نے چین میں پاکستانی طلباء کے حوالے سے بریفنگ دی۔ انہوں نے کہاکہ کرونا وائر س کے حوالے سے ہیلپ لائن 24گھنٹے فعال ہو گی۔ انہوں نے کہاکہ ریلیف پیکج کی نگرانی اور ثمرات حق داروں تک پہنچانے کیلئے مانیٹرنگ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ سابقہ حکومتوں کی پالیسیوں کی وجہ سے بجلی اور گیس کی قیمت بڑھی۔وزیراعظم نے بجلی اور گیس قیمتوں میں کمی کیلئے جامع رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت کی۔۔معاون خصوصی نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں کے معاہدے عوام کو سانپ کی طرح ڈس رہے ہیں، حکومت نے ان معاہدوں کو پبلک کرنے کا فیصلہ کیا ہے، معاہدے پبلک کر کے عوام کوحقائق سے آگاہ کیا جاسکے گا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہاکہ چینی کے معاملے پر عوام کو پریشان نہیں ہونے دوں گا۔ وزیراعظم نے گیس اور بجلی کی قیمتیں بڑھانے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ عوام پر مہنگائی کا پہلے ہی بوجھ ہے مزید بوجھ نہیں ڈال سکتے۔ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کھاد کی کمپنیوں کی جانب سے قیمتیں کم نہ کرنے پر برہم ہوئے اور کہا کہ وزارت تجارت کھاد کمپنیوں کو مقررہ ریٹ کا پابند بنائے۔ میں کسانوں کا استحصال نہیں ہونے دوں گا۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مہنگائی کا معاملہ روزانہ کی بنیاد پر خود مانیٹر کروں گا۔ مافیا کی سہولت کاری کرنے والے بھی جرم میں برابر کے شریک ہیں۔

وفاقی کابینہ

مزید : صفحہ اول