وزیراعلٰی عثمان بزدارکا پنجاب میں ہر ماہ انسداد پولیو مہم چلانے کا حکم
لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے 2020ء میں ہر ماہ انسداد پولیو مہم چلانے کی منظوری دیتے ہوئے کہا ہے کہ 17فروری سے پنجاب کے 36اضلاع میں خصوصی انسدا دپولیومہم چلائی جائے گی اور اس مہم میں 2کروڑ بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی ٹاسک فورس برائے انسدادپولیو کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے پولیو کیسز، انسداد پولیو کیلئے کئے جانے والے اقدامات اور انسداد پولیو مہم کے اہداف کے بارے میں بریفنگ دی۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ہائی رسک اضلاع پر خصوصی توجہ دی جائے۔ محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ انسداد پولیو کیلئے وضع کردہ پلان پر 100فیصد عملدرآمد یقینی بنائیں اور اس ضمن میں مقرر کردہ ہدف کے حصول کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ انسداد پولیو مہم میں منتخب نمائندوں اور نمبرداروں کی شمولیت ضروری ہے کیونکہ کمیونٹی کی شمولیت سے انسداد پولیو کے لئے اقدامات نتیجہ خیز ثابت ہوں گے۔انہو ں نے کہا کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں پولیو کیسز کا سامنے آنا الارمنگ ہے لہٰذاپولیو کیسز والے اضلاع میں انتظامیہ کو موثر انداز سے پولیو سے نمٹنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز اپنے اضلاع میں انسداد پولیو کے لئے متحرک ہوکرفرائض سرانجام دیں،انسداد پولیو مہم کے وضع کردہ پلان پر عملدرآمد میں کوتاہی یا غفلت ہر گز برداشت نہیں کروں گا اورانسداد پولیو مہم میں غفلت پر اب ایکشن ہوگا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے بعض اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کی جانب سے انسداد پولیو کے لئے باقاعدہ میٹنگز نہ کرنے پر برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ باقاعدہ میٹنگز نہ کرنے والے ڈپٹی کمشنرز کی جواب طلبی ہوگی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے سے پولیوکے خاتمے کیلئے کاوشیں جہاد ہے۔ یہ ہمارا قومی مسئلہ ہے اور اس سے نمٹنے کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
سردار عثمان بزدار