دہلی انتخابات، عام آدمی پارٹی نے مودی سرکار کودھول چٹا دی
نئی دہلی(آئی این پی) بھارت میں دہلی اسمبلی کے انتخابات میں عام آدمی پارٹی نے مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کو تیسری بار بھی شکست کا مزہ چکھا دیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی کی اسمبلی کے انتخابات کے غیر حتمی اور غیر سرکاری ابتدائی نتائج کے تحت دہلی کی حکمراں جماعت عام آدمی پارٹی نے 70میں سے 58نشستیں حاصل کر کے مودی سرکار کے غرور کو دھول چٹا دی۔ ملک کی حکمراں جماعت بی جے پی ایڑی چوٹی کا زور لگانے کے باوجود صرف 9نشستیں حاصل کر پائی۔دہلی میں حکومت سازی کے لیے سادہ اکثریت حاصل کرنے کے لیے 36سیٹیں درکار ہوئی ہیں جبکہ عام آدمی پارٹی نے 58سیٹیں حاصل کر کے تیسری بار حکومت سازی کی پوزیشن میں آگئی ہے۔ عام آدمی پارٹی کے کارکنان نے جیت کی خوشیاں میں مٹھائیاں بانٹیں جبکہ بی جے پی کے دفاتر میں ہو کا عالم ہے۔ بی جے پی کی شکست کی ایک بڑی وجہ متنازع شہریت بل بھی ہے جسے مسلمانوں سمیت ملک کے سنجیدہ حلقوں نے مسترد کردیا تھا۔دہلی کی سیاسی بساط کو الٹنے کیلئے بی جے پی حکومت کے صدر اور وزیر داخلہ امیت شاہ، وزیر اعلی اتر پردیش یوگی سمیت کئی اعلی عہدیداروں نے انتخابی حلقوں میں ڈیرے ڈال دیئے تھے اور حکومتی وسائل کا بے دریغ استعمال کیا گیا تھا جبکہ ہندو ووٹرز کو لبھانے کیلئے اقلیتوں کیخلاف زہر اگلا گیا اور نفرت کی فضا پیدا کی تاہم تمام تر کوششوں کے باوجود ووٹرز نے مودی سرکار کی پالیسیوں کو ٹھکرا دیا۔
نئی دہلی الیکشن