حکومت فور ی انصاف کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے،اسد قیصر

حکومت فور ی انصاف کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے،اسد قیصر

  



اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا ہے کہ ملک میں انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے عدلیہ کے ساتھ ساتھ بار کا کردار بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ وکلا نے ملک میں جمہوریت کی بحالی اور استحکام کے لیے ہمیشہ ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کی بحالی کے لیے وکلا برادری کی قربانیوں اور جدوجہد کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چار سدہ ڈسٹرکٹ بار کے صدر احمد شاہ کی سربراہی میں چار سدہ ڈسٹرکٹ بار کے نمائندوں اور وکلا برادری کے وفد سے منگل کے روز پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں چار سدہ سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی فصل خان بھی موجود تھے۔اسپیکر نے کہا کہ موجود حکومت ملک میں فور اَ انصاف کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے جس کو عملی جامہ پہنانے کے لیے وکلا برادری کا تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ وکلا برادری معاشرے کا سب سے زیادہ پڑا لکھا طبقہ ہے اور ان پر معاشرے کی اصلاح کی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے وکلابرادری کو معاشرے سے سماجی برائیوں کے خاتمے کے لیے کردار ادا کرنے کا کہا۔ وفد میں چار سدہ بار کونسل کے جنرل سیکرٹری سیف اللہ خان اور تحریک انصاف کے رہنما اور سنیئر وکیل وراث شاہ سمیت دیگر اہم وکلا بھی شامل تھے۔ بعد ازاں وفد نے پارلیمنٹ ہاؤس کا دور کیا اور قومی اسمبلی کے منگل کے جاری اجلاس کی کاروائی بھی دیکھی۔

اسد قیصر

مزید : صفحہ اول